Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی فنڈ کی 2026 میں 30 فلمی منصوبوں کے لیے معاونت

سائیکل ون کے پوسٹ پروڈکشن والے کئی پروجیکٹس کا عالمی سطح پر پریمیئر ہو چکا ہے (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے ایک پروگرام ریڈ سی فنڈ نے 2026 کے اپنے پہلے دو فنڈنگ سائیکلز کے تحت 916 درخواستوں میں سے منتخب کردہ 30 پروجیکٹس کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق پوسٹ پروڈکشن کے پروجیکٹس کے لیے مخصوص سائیکل ون میں 220 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جو فنڈ کے آغاز سے لے کر اب تک پوسٹ پروڈکشن سائیکل کے لیے سب سے زیادہ تعداد ہے اور اب تک کے سب سے سخت مقابلوں میں سے ایک ہے جس میں بالآخر 13 پروجیکٹس کا انتخاب کیا گیا۔
پروڈکشن کے پروجیکٹس کے لیے مخصوص سائیکل ٹو میں 696 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے حتمی طور پر 17 پروجیکٹس منتخب کیے گئے جن میں فیچر فکشن، فیچر ڈاکیومینٹری اور شارٹ فکشن شامل ہیں۔
سائیکل ٹو کے انتحاب میں پانچ سعودی پروجیکٹس جن میں لمى جمجوم کا ’ریمانڈ می ٹو فورگیٹ‘، خالد زیدان کا ’گرین کارپس‘، رائد السماری کا ’ماریاز مینشن‘، ياسر حماد کا ’بیت بہار‘ اور مشاری المزید کا ’مائیکروویو‘ شامل ہیں۔
سائیکل ون کے پوسٹ پروڈکشن والے کئی پروجیکٹس کا عالمی سطح پر پریمیئر ہو چکا ہے۔

فیصل بالطیور نے کہا ہے کہ ’یہ دونوں سائیکلز بالکل اسی چیز کی عکاسی کرتے ہیں جس کے لیے ریڈ سی فنڈ موجود ہے (فوٹو: انسٹاگرام)

بن ایمانا نے 2026 کے کانز فلم فیسٹیول میں ’کیمرہ ڈی اور‘ ایوارڈ جیتا جہاں یہ ’سٹرابیریز‘ کے ساتھ ’ان سرٹن ریگارڈ‘ زمرے میں دکھائی گئی۔ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’انگھ‘ نے ’پلیٹ فارم ایوارڈ‘ جیتا جس کا ورلڈ پریمیئر ’فور سیزنز ان جاوا‘ کے ساتھ ہوا تھا۔ دیگر فلمیں وینس اور لوکارنو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کی گئیں۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے سی ای او فیصل بالطیور نے کہا ہے کہ ’یہ دونوں سائیکلز بالکل اسی چیز کی عکاسی کرتے ہیں جس کے لیے ریڈ سی فنڈ موجود ہے یعنی دلیرانہ اور منفرد پروجیکٹس کی نشاندہی کرنا اور فلم سازوں کے سفر کے اہم مراحل میں ان کی مدد کرنا۔‘

ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’انگھ‘ نے ’پلیٹ فارم ایوارڈ‘ جیتا (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’سائیکل ون کی متعدد فلموں کے گرد بین الاقوامی سطح پر پہلے سے بننے والی مقبولیت اس کام کے معیار کا ایک مضبوط ثبوت ہے اور ہم سائیکل ٹو کے پروجیکٹس کو اس سفر کو جاری رکھتے ہوئے دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘

 

شیئر: