صحت مند طرزِ زندگی کے لیے تبوک کی خواتین میں فٹنس کا بڑھتا رجحان
جمعہ 23 اکتوبر 2026 13:07
وزارتِ کھیل کی ریجنل برانچ کے مطابق، تبوک ریجن میں خواتین کے فٹنس کے شعبے میں وسعت دیکھی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
تبوک کی خواتین کے لیے ورزش اب صرف وزن یا ظاہری خوبصورتی تک محدود نہیں رہی بلکہ صحت، توانائی اور روزمرہ کے معیارِ زندگی سے جڑا ایک طرزِ زندگی بن چکی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس تبدیلی نے خواتین کے جِمز کو صرف سامان اور ورزش کی جگہ فراہم کرنے سے آگے بڑھا کر ایک ایسا ماحول بنانے کا کردار دیا ہے جو طویل مدتی پابندی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
وزارتِ کھیل کی ریجنل برانچ کے مطابق، تبوک ریجن میں خواتین کے فٹنس کے شعبے میں وسعت دیکھی جا رہی ہے جہاں 50 لائسنس یافتہ سپورٹس کلب اور جم موجود ہیں جو اراکین کے مختلف اہداف اور فٹنس لیول کے مطابق کئی پروگرام پیش کر رہے ہیں۔
تبوک ریجن میں وزارتِ کھیل کی برانچ کے ڈائریکٹر محمد النافع نے کہا کہ وزارت سعودی وژن 2030 اور کوالٹی آف لائف پروگرام کے اہداف کے مطابق خواتین کے سپورٹس کلبوں اور جِمز کی حمایت اور انہیں منظم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے کھیلوں میں سرمایہ کاری اصل میں معاشرتی صحت میں سرمایہ کاری ہے اور مزید کہا کہ وزارت لائسنسنگ کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور ان پہلوؤں کی حمایت جاری رکھے گی جو کھیل کو روزمرہ زندگی کا حصہ بناتی ہیں۔
