Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں خواتین کے لیے خصوصی فٹنس سینٹرز

خواتین مختلف مشینیں استعمال کر کے جسمانی مشقیں کر سکتی ہیں(فوٹو: عرب نیوز)
ریاض میں صحت اور تندرستی کے خیال رکھنے کے لیے ایسے مقامات بنائے گئے ہیں جو صرف خواتین کے لیے مختص ہیں۔
 یہ جگہیں خواتین کی پرائیویسی اور آرام کو نگاہ میں رکھتے ہوئے ان کی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے مقصد سے بھی کام کر رہی ہیں۔
ایسی کئی جگہیں ہیں جن میں جِم، پُولز اور کچھ تھیم پارک شامل ہیں اور جو محفوظ بھی ہیں اور یہ  نامزد دنوں میں صرف اور صرف خواتین کے لیے مختص ہیں۔
اس سے خواتین کو موقع ملتا ہے کہ وہ آزادنہ طور پر اپنی پسند کا لباس پہن سکیں اور ان سرگرمیوں میں شریک ہو سکیں جو کمیونٹی کے تصور کو آگے بڑھاتی ہیں۔
ایسا ہی ایک مقام ’سن سیٹس یوگا‘ ہے۔ یہ ایک پُرسکون سٹوڈیو کا ماحول فراہم کرتا ہے اور صرف خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ اس میں کئی کلاسز اور پروگرام شامل ہیں جن کا فوکس صحت اور تندرستی ہے۔ ساتھ ساتھ یہ ایک تفریحی مرکز کا کام بھی کرتا ہے جہاں خواتین آرام  کے ساتھ دم لے سکتی ہیں اور ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
 یوگا مرکز کی اونر وتین التویجری نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئےکہا سن سیٹس یوگا، یوگا کے لیے میرے شدید جذبے، اور لوگوں کی مدد کرنے کی میری خواہش کا اظہار ہے۔‘ 
انھوں نے بتایا: ’میں نے یہ مرکز کھولا کیونکہ میں یوگا کی اس قوت پر یقین رکھتی ہوں جو نہ صرف جسم کو ایک کو دوسری شکل میں تبدیل کر سکتا ہے بلکہ روح اور دماغ کو بھی بدل سکتا ہے۔

ایسی کئی جگہیں ہیں جن میں جِم، پُولز اور کچھ تھیم پارک شامل ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

سین سیٹس یوگا کے لیے میرا مقصد یہ ہے کہ یہاں ایک پُرامن اور خواتین کو خوش آمدید کہنے والا ماحول ہو۔ جہاں خواتین روزمرہ کے ذہنی دباؤ سے چھٹکارے کے لیے آ سکیں اور ذہنی اور جسمانی طور پرنشونما پا سکیں۔
التویجری نے کہا کہ’ یہ بات ’خاص طور پر اہم ‘ ہے کہ ریاض شہر میں صرف خواتین کے لیے اس طرح کے مقامات ہوں۔‘
انھوں نے کہا ’یوگا توازن کے لیے عالمگیر طریقہ ہے اور میں چاہتی تھی کہ خواتین کے پاس ایسی جگہ دستیاب ہو جہاں وہ اپنی صحت اور تندرستی پر کسی قدغن کے بغیر فوکس کر سکیں۔ یہ ان کے لیے خود کو دریافت کرنے اور ذاتی نشو و نما کا ایک سفر ہے جہاں وہ خود کو مضبوط، پرجوش اور آزاد محسوس کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’ وہ ایسی کمیونٹی بنانا چاہتی تھیں جو لوگوں کی مدد کرے، ان کی حوصلہ افزائی کرے اور ان کی نگہداشت کر سکے۔‘
صرف خواتین کے لیے مخصوص ایک اور جگہ الریان ضلع میں پی لاٹیز سٹوڈیو ہے۔ پی لاٹیز وہ نظام ہے جس میں خواتین مختلف مشینیں استعمال کر کے جسمانی مشقیں کر سکتی ہیں اور ان مشقوں سے اپنے جسم کو آسانی سے دائیں بائیں یا اوپر نیچے خمیدہ کر سکتی ہیں۔

کئی کلاسز اور پروگرام شامل ہیں جن کا فوکس صحت اور تندرستی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

یہاں موجود اس سٹوڈیو کی مالک نجد الھطلانی نے بتایا ’میں گزشتہ 15 برس سے پی لاٹیز پر کام کر رہی ہوں اور مجھ سے پوچھیں تو یہ بہترین نتائج دیتا ہے۔ اس سے مجھے اپنے جسم سے متعلق ایسی خود شناسی حاصل ہوئی ہے جس میں، میں کوئی عیب نہیں نکال سکتی۔ مجھے پتہ چلا ہے کہ جسم کے چھوٹے چھوٹے عضلات کیسے بڑے مسلز کی مدد کرتے ہیں۔ ان معلومات سے ورزش کے بارے میں میرا نقطۂ نگاہ مکمل طور پر بدل چکا ہے۔
انہوں نے کہا ’ ریاض شہر کے مشرق میں یہ سٹوڈیو اس لیے کھولا کہ وہاں ایسی کوئی اور جگہ نہیں تھیں جو خواتین کو یہ سہولت فراہم کرتی ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ان کے سٹوڈیو میں ڈلیوری سے پہلے اور بعد میں کی جانی والے کئی طرح کی ورزشیں اور ضرورت کے مطابق ترتیب شدہ پرائیویٹ تربیتی سیشن دستیاب ہیں۔
ایما شرلی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور وہ ریاض میں رہتی ہیں۔ وہ اس سٹوڈیو میں باقاعدگی سے آتی ہیں۔
ان کہنا تھا ’سعودی عرب منتقل ہونے کے بعد میں نے صرف خواتین کے لیے قائم کردہ خواتین دوست پی لاٹیز سٹوڈیو کے بہت فائدے دیکھے ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں میں سب سے پہلے آؤں گی۔ میں کچھ مہینوں سے یہاں آ ہی رہی ہوں۔
ایما شرلی کے مطابق ’ یہ جگہ نہ صرف آرام دہ ہے بلکہ مجھے اپنے جسم اور اپنی جلد کے بارے میں اعتماد پیدا ہوگیا ہے۔ اس پر طرہ یہ ہے کہ یہاں ایک دوسرے سے رابطہ کرنے اور رکھنے کے بہت مواقع موجود ہیں۔ یہاں مجھے ناقابلِ یقین طور پر بہترین خواتین سے رابطے کا موقع ملا ہے جن کا نہ صرف ذہن مجھ سے ملتا ہے بلکہ ان سے آپ کو کچھ حاصل بھی ہوتا ہے۔‘

 

شیئر: