لکھنؤ(ظفر محمد) وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کوشہری غریبوں کو مفت بجلی کنکشن دینے کا منصوبہ کاآغاز کیا۔ گومتی نگر واقع اندرا گاندھی فائونڈیشن میں ہونے والے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے 10 پاور سب اسٹیشنوں کا بھی افتتاح کیا۔ معلوم ہوکہ محکمہ بجلی اب تک دیہی علاقے کے غریب لوگوں کو مفت کنکشن دے رہا تھا لیکن اب شہری علاقے کے غریبوں کو بھی یہ سہولت مل سکے گی۔ لکھنؤ کے 100 غریب کنبوں کو مفت کنکشن دیکر وزیر اعلیٰ یوگی نے اس کا آغاز کردیا۔ پروگرام میں ای- نوارن موبائل ایپ بھی لانچ کیا گیا۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین موبائل فون پر ہی اپنا بجلی کا بل بنا سکیں گے، دیکھ سکیں اور جمع بھی کرسکیں گے۔ ٹول فری نمبر 1912 پر یا ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت درج کرانے والے صارف بھی اس ایپ سے سماعت کی صورت حال پتہ کرسکیں گے۔