پی ٹی آئی ریاض کے تحت یوم تشکر کا انعقاد
پیپلز پارٹی، پاک سرزمین اور مجلس پاکستان کے عہدیداران شریک
ریاض(ذکاء اللہ محسن) پاکستان کی طرح سعودی عرب میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یوم تشکر کو تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ پیپلزپارٹی، پاک سرزمین پارٹی، مجلس پاکستان اور ادبی تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ریاض ریجن کے صدر عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد ایسا لیڈر ہے جس نے کرپشن کیخلاف ایک ایسی جنگ لڑی ہے جس کے متعلق کبھی کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کیونکہ حکمرانوں کیخلاف جانا عام بات نہیں تھی مگر عمران خان نے پاکستانی عوام کو ساتھ ملا کر شریف فیملی کی کرپشن کو بے نقاب کر دیا۔
خان زادہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ملک کے200 ارب ڈالر ملک سے باہر پڑے ہیں جن کی وجہ سے ملک کے اندر بے روزگاری اور مہنگائی ہے، اگر لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس آ جائے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
مجلس پاکستان کے حافظ عبدالوحید اور رانا عبدالرئوف کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک ہے مگر جس طرح اس کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹی جا رہی ہے، اس سے ملک مزید مسائل سے دوچار ہوگا۔ہم تمام لوگوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر پاکستان کی بھلائی کے لئے کوشاں رہنے کی ضرورت ہے۔
وقار نسیم وامق کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ہمارے ملک میں قانون کی بالادستی ہوگی اور کرپٹ عناصر کو احتساب دینا ہوگا۔پیپلزپارٹی کے عبدالکریم اور ریاض راٹھور کا کہنا تھا کہ پاکستان جب آزاد ہوا تو 1973 تک ہم انگریز کے بنائے ہوئے قانون پر چلتے رہے، پھر تمام سیاست دانوں نے سر جوڑے اور ایک متفقہ آئین بنایا۔ اسی طرح اب بھی تمام سیاست دانوں کو ملکر کرپشن کیخلاف جہاد کرنا ہوگا۔
پاک سرزمین مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر شمشاد صدیقی کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا تھا کہ نوازشریف بدل گئے ہونگے مگر ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے گزشتہ دور حکومت کی طرز پر ہی موجودہ دور میں حکومت کی ہے۔
مبشر انوار کا کہنا تھا کہ یوم تشکر کوصحیح معنوں میں منانے کے لئے تمام اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ہمارا فرض ہے کہ بطور پاکستانی ہم اداروں کی مضبوطی کے لئے آواز اٹھائیں۔