وکیل سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات، ’بانی کی صحت اچھی ہے‘
سپریم کورٹ کے حکم پر وکیل سلمان صفدر نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کی صحت اچھی ہے۔
منگل کو انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بانی کی صحت اچھی ہے، میری ساڑھے تین گھنٹے بانی سے ملاقات رہی جو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ملاقات کروائی گئی۔ باقی سب کچھ آپ کو رپورٹ میں ملے گا۔‘
سلمان صفدر نے 15 منٹ تک علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ سے گاڑی میں گفتگو کی۔
اس سے قبل منگل ہی کو سپریم کورٹ نے بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کا تفصیلی حکم نامہ جاری کیا تھا۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان پیش ہوئے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ جمع کرائی گئی اس وقت عمران خان اٹک جیل میں تھے۔
’یہ مناسب ہے کہ عمران خان کی لیونگ کنڈیشن بارے بارے رپورٹ منگوائی جائے، سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں، سلمان صفدر کو عمران خان کی جیل بریک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب داخل کر سکیں۔‘
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کل تک تحریری رپورٹ فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر جمع کرائیں جس کے بعد کیس کی سماعت پرسوں جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔
مقامی میڈیا میں عمران خان کے پمز ہسپتال میں جانے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم پہلے حکومتی وزرا نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا، لیکن بعدازاں اس کی تصدیق کی کہ انہیں آنکھ کے معائنے کے لیے پمز لے جایا گیا۔
بعد ازاں عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
