Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آزادی یا موت کے نام سے کنٹینر تیار‘، پی ٹی آئی اسلام آباد کی جانب مارچ کی تیاری کر رہی ہے؟ 

پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کی شٹرڈاون ہڑتال کے بعد بڑے احتجاج کی تیاری شروع کردی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ اس حوالے سے باقاعدہ طور پر کنٹینر بھی تیار کرلیا گیا ہے جسے آزادی یا موت کا نام دیا گیا ہے۔ وزیراعلٰی سہیل آفریدی نے بھی دو روز قبل پشاور رِنگ روڈ کے مقام پر تیار ہونے والے اس کنٹینر کی تیاری اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلٰی نے کنٹینر پر چڑھ کر جاری کام کا جائزہ لیا، کارکنوں سے ملاقات کی اور کنٹینر کا باقی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی ٰنے اس موقعے پر کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بڑے احتجاج کی تیاری کررہے ہیں لہٰذا ورکرز اپنی تیاری مکمل کر لیں۔‘ 
وزیراعلٰی سہیل آفریدی کے دورے کے بعد انتظامیہ نے کنٹینر کو اس جگہ سے ہٹا دیا ہے جبکہ احتجاج کے حوالے سے بھی کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔
رُکنِ قومی اسمبلی شاہد خٹک کا پیر کو ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’پشاور میں ہمارا کنٹینر تیار ہے جس پر لکھا ہے آزادی یا موت۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’کنٹینر پر ہم کسی بھی وقت سوار ہو سکتے ہیں، کنٹینر کی ڈرائیونگ سیٹ وزیراعلٰی خود سنبھالیں گے۔‘
پارٹی کے ایک سینیئر ورکر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ کنٹینر وزیراعلٰی سہیل آفریدی کی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔‘
’کنٹینر کی لمبائی 40 فٹ ہے جس کے اندر واش رُوم، چار کمرے اور ریسٹ ایریا بھی بنایا گیا ہے۔ کنٹینر میں ایئرکنڈیشنر کے علاوہ کھانا پکانے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسلام آباد مارچ کے لیے حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا کیونکہ فی الوقت احتجاج کے معاملے پر صوبائی قیادت اور مرکزی قائدین میں اختلاف پایا جاتا ہے۔‘
پارٹی ورکر کے مطابق شٹرڈاون ہڑتال میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوئی جس کے باعث کارکن مایوس نظر آرہے ہیں۔ وزیراعلٰی کی جانب سے اب ایک نئی حکمتِ عملی کی تیاری ہو رہی ہے جس کے لیے پارٹی کے قائدین کو ایک پیچ پر آنا ہوگا۔‘
پارٹی چیئرمین کی لاعلمی
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کسی بھی ممکنہ مارچ کے لیے تیاری کی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کا اختیار محمود اچکزئی اور راجا ناصر کو دیا ہے لہٰذا ان دونوں کی صوابدید ہے کہ وہ لائحہ عمل بنائیں۔‘
سیاسی مبصرین کہتے ہیں کہ وزیراعلٰی سہیل آفریدی اپنی ساکھ اور ورکرز میں اپنی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے کنٹینر تیار کروا رہے ہیں اور اسلام آباد کی جانب مارچ کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب پارٹی کے بیشتر رہنماؤں نے اسلام آباد مارچ کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
 

شیئر: