Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے 700شہروں میں جمعیت العلمائے ہند کا امن مارچ

نئی دہلی۔۔۔۔ملک میں نفرت اور تشدد کی مسموم فضاء کے درمیان آج13اگست کو ملک گیر سطح پر امن اور بھائی چارہ کا نعرہ لگایا جارہا ہے۔ ملک کی اہم ملی تنظیم جمعیت علمائے ہند کے زیر اہتمام صبح10بجے سے 700سے زائدشہروں میں ایک ساتھ امن مارچ منعقد ہورہا ہے۔یہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے ۔ دہلی میں جنتر منتر پر امیرالہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری، صدر جمعیت علمائے ہند اور پونا میں مولانا محمود مدنی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے ہند قیادت کرینگے۔ دہلی کا پروگرام جمعیت العلماء صوبہ دہلی کے زیر اہتمام ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ بڑے شہروں بالخصوص لکھنؤ ، کانپور، بنارس، پرتاپ گڑھ، پٹنہ ، کشن گنج ،مونگیر ، رانچی ، گوہاٹی ، بھونیشور، کولکتہ، بنگلور، ممبئی، ناگپور، چنئی ، حیدرآباد، رائے چوٹی، چندی گڑھ،امپھال ، دھرم نگر،تری پورہ، اندور، دہرادون، رڑکی، ہلدوانی، نینی تال، بھوپال، احمد آباد، اجین، سورت، جے پور، جودھپور وغیرہ میں بھی بڑے پیمانے پر مارچ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ مولانا حکیم الدین قاسمی سیکریٹری جمعیت العلمائے ہند پرتاپ گڑھ میں ہونیوالے مارچ میں شریک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں ڈھائی کلومیٹر طویل مارچ ہوگا ۔ جمعیت العلمائے ہند کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق یہ مظاہرہ پرامن ہوگا اور اس کیلئے مختلف قسم کے پلے کارڈز تیار کئے گئے ہیں جس میں خاص طور پر مذہب کے نام پر غنڈہ گردی کو ختم کرنے اور نفرت کی دیوار گرانے پرزوردیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ جمعیت العلمائے ہند فرقہ پرستی اور نفرت انگیزی کو ختم کرنے کی جدوجہد کے سلسلے میں اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے جس کے مطابق فرقہ پرستی کا مقابلہ فرقہ پرستی سے نہیں بلکہ محبت ، امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میں مضمر ہے۔

شیئر: