Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابو ظبی ٹیسٹ : پاکستان کی 3رنز کی برتری

ابوظبی: پاک سری لنکا سیریز کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے حارث سہیل کی عمدہ اننگز اور فاسٹ بولر حسن علی کے جارحانہ 29رنز کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 422رنز بنا کر 3رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ سری لنکن بولر رنگانا ہیرتھ نے5وکٹیں لیں ۔سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69رنز پر سری لنکا کے4کھلاڑیوں کو آوٹ کر دیا ۔ مہمان ٹیم نے مجموعی طور پر 66رنز کی برتری حاصل کرلی ہے اس کی6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ چوتھے دن کا کھیل اختتام کو پہنچا تو کوشل مینڈس16اور سورنگا لکمل 2رنز پر ناٹ آوٹ تھے۔ یاسر شاہ نے2وکٹیں لیں۔آج آخری دن ہے اگر پاکستانی بولرز نے کسی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کے بعد پاکستانی بیٹسمین بھی جرات مندانہ کھیل کا مظاہرہ کرسکے تو بظاہر ڈرا کی جانب گامزن اس میچ کا کوئی نتیجہ نکل سکتا ہے ۔ پاکستان نے 266رنز 4کھلاڑی آوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اظہر علی کے ساتھ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے حارث سہیل بیٹنگ کے لئے آئے۔ 74رنز پر بیٹنگ کےلئے آنے والے اظہر علی 85 رنز بنا سکے،کپتان سرفراز احمد، محمد عامر اور یاسر شاہ نے پویلین واپسی میں زیادہ تاخیر نہیں کی ۔ سرفراز نے18رنز اسکور کئے عامر اور یا سر شاہ بالترتیب4اور8رنز بنا پائے ۔ 340رنز پر پاکستان کی8وکٹیں گر چکی تھیں ۔ اس وقت حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3چھکوں اور2چوکوں کی مدد سے 25گیندوں پر29رنز بنا لئے۔ دوسری جانب حارث سہیل بھی کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنا کر اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔حسن کے آوٹ ہو نے کے بعد عباس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا ۔ عباس نے 34گیندوں پرصرف ایک اسکور کیاتاہم حارث سہیل نے ٹیم کےلئے3 رنز کی برتری حاصل کر لی ۔ حارث نے161گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے2چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے 76رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستانی ٹیم 422رنز بنا سکی۔ رنگانا ہیرتھ نے40اوورز میں93رنز دے کر5اور سورنگا لکمل و نووان پردیپ نے42اور77رنز کے عوض 2،2وکٹیں لیں۔ایک کھلاڑی پریرانے آوٹ کیا۔ سری لنکا نے دوسری اننگز شروع کی تو 20کے اسکور پر اوپنر دیموتھ کرونا رتنے کو یاسر شاہ 10رنز پر پویلین واپس بھیج دیا اس کے بعد وقفے وقفے سے تھریمانے، کوشل سلوا اور کپتان دنیش چندی مل بھی پاکستانی بولرز کے قابو میں آگئے کپتان چندی مل 7رنز پر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ تھریمانے 7اورکوشل سلوا25رنز بنا کر لوٹے۔یاسر شاہ نے2 جبکہ اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔سری لنکن ٹیم آج آخری دن اپنی دوسری اننگز کا کھیل شروع کرے گی۔
 
 

شیئر: