Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سپورٹس، تفریح اور ثقافت‘ ریاض میراتھن 2026 کا اختتام

42 کلومیٹر کی میراتھن میں ایتھوپیا کے ابیبا مونی نے پہلی پوزیشن حاصل کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی فیڈریشن سپورٹس فار آل کے زیر انتظام ریاض میراتھن 2026 کا پانچواں ایڈیشن اختتام پذیر ہو گیا۔
میراتھن ریس شہزادی نورہ بن عبدالرحمان یونیورسٹی میں 28 جنوری کو منعقد کی گئی تھی جس کا اختتام 31 جنوری 2026 کو ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریس کے فاتحین کو فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولید بن طلال نے تمغے اور انعامات سے نوازا۔
ریس مختلف مسافتوں اور مراحل پر مشتمل تھی، 42 کلومیٹر کی میراتھن میں ایتھوپیا کے ابیبا مونی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، یہ فاصلہ 2 گھنٹے 9 منٹ اور 31 سیکنڈ میں طے کیا۔
ان کے ہم وطن آسیفہ ٹیفیرا نے 2 گھنٹے 9 منٹ اور 44 سیکنڈ کے ساتھ  دوسری اور ایتھوپیا کے ہی ٹولتشا تیفیرا نے 2 گھنٹے 10 منٹ اور 9 سیکنڈ پرتیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کی میراتھن میں ایتھوپین کینا گیرما نے 2 گھنٹے 25 منٹ اور 56 سیکنڈ پر پہلے جبکہ دوسری اورتیسری پوزیشن بھی ایتھوپین خواتین نے حاصل کی۔
میراتھن کے پانچویں ایڈیشن کے شرکا کی تعداد 52 ہزار سے زائد تھی جن کا تعلق 134 ممالک سے تھا۔ ریاض میراتھن فیسٹیول میں سپورٹس، تفریح اور ثقافتی سرگرمیاں نمایاں رہیں جس نے لوگوں کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا۔
ریس کے شرکا کی عمر ایک برس سے 90 سال کے درمیان تھی جبکہ خصوصی افراد بھی میراتھن میں شریک ہوئے۔

 سعودی فیڈریشن سپورٹس فار آل کا کہنا تھا’ ریس کے انتظامات ورلڈ ایتھلیٹس کے وضع کردہ ضوابط کے تحت کیے گئے تھے جس کی نگرانی ماہرین نے کی۔‘
 فیڈریشن نے ٹوکیو میراتھن فاونڈیشن کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے جس کے تحت میراتھن میں باہمی تجربات کا تبادلہ اور تعاون کیا جائے گا۔
یاد رہے ریاض میراتھن محض دوڑ کا مقابلہ ہی نہیں رہا بلکہ اب یہ ایک طرح سے جسمانی ورزش کا درجہ بھی اختیار کرچکا ہے جس میں معاشرے کے مختلف طبقے فکر کے افراد سپورٹس اور تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

 

شیئر: