Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کے ضلع قصور میں تین سال کے بچے کی گٹر میں گرنے سے موت، مقدمہ درج

پولیس کے مطابق غفلت برتنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پنجاب کے ضلع قصور میں تین سال کے بچے کی بغیر ڈھکن کے مین ہول میں گرنے سے موت ہوئی ہے۔
پیر کو قصور پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تین سالہ عبدالرحمان شہر کے نجی میرج ہال کے قریب مین ہول میں گرنے کے بعد جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ مصطفیٰ آباد کے علاقے میں پیش آیا جہاں علی رضا بھٹی ایڈووکیٹ کا تین سالہ بیٹا کھیل رہا تھا۔
’انتظامیہ اور مقامی شادی ہال کے مالکان کی غفلت کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔‘
پولیس نے بتایا ہے کہ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کی ہدایت پر تھانہ مصطفیٰ آباد میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 322 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
قصور پولیس کے مطابق نجی میرج ہال کے مالک، مینیجر سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او قصور، ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔‘
پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افسوسناک واقعے کا باعث بننے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ ہفتے داتا دربار کے قریب ایک کھلے مین ہول میں ماں اور بیٹی کے گرنے سے موت کے واقعہ نے صوبائی حکومت کو اُس وقت مشکل صورتحال سے دوچار کیا جب ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی جانب سے غفلت اور متاثرہ خاندان کو ڈرانے، دھمکانے اور تشدد کرنے کے شواہد سامنے آئے۔
وزیراعلٰی مریم نواز نے لاہور واقعے پر مقامی ٹھیکیدار اور پراجیکٹ کے سیفٹی انچارج پر مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کی تھی۔

 

شیئر: