Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمیت کی راز دار ہنی پریت گرفتار

چنڈی گڑھ۔۔۔۔ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت کی راز دار ہنی پریت انساں کی آنکھ مچولی ختم ہوگئی۔ پنجاب کے زیرک پور پٹیالہ روڈ کے درمیان پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ بدھ کو پنچکولہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قبل ازیں دہلی ہائیکورٹ نے ہنی پریت انساں کی پیشگی ضمانت مسترد کرتے ہوئے اسے خود کو حوالے کرنے کی تاکید کی تھی۔بعد ازاں وہ پنجاب ، ہریانہ ہائیکورٹ میں خود سپردگی کا پروگرام بنایاتھا۔ پنچکولہ کے پولیس کمشنر اے ایس چاولہ نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ہنی پریت زیرک پور پٹیالہ روڈ سے چنڈی گڑھ کی طرف جارہی ہے اس کے بعدایس آئی ٹی سربراہ مکیش نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس کا تعاقب کیا اور تقریباً3بجے اسے گرفتار کرلیا ۔اس کے ساتھ گاڑی میں ایک دوسری عورت بھی تھی ، دونوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ ہنی پریت سے سب سے پہلے گزشتہ ماہ پنچکولہ میں ہونیوالے پرتشدد واقعات اورڈیرے کی بابت پوچھ گچھ کی جائیگی ۔ ہنی پریت نے کہا کہ گرمیت کی گرفتار ی کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی۔ اسے عدالت پر بھروسہ ہے وہ انصاف کیلئے پنجاب ، ہریانہ ہائیکورٹ جائیگی ۔ ہنی پریت کے اس بیان کے بعد سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ ہائیکورٹ میں خود کو پیش کردیگی تاہم اس سے پہلے ہی مستعدپولیس نے پنجاب کے زیرک پور پٹیالہ روڈپر گرفتار کرلیا۔

شیئر: