ریاض میں بڑے پارکس کا منصوبہ، گالف کورس اور واٹرفرنٹ کی تعمیر
دارالحکومت کے مشرق و مغربی علاقوں میں 317,200 مربع میٹر پر قائم ہوں گے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میونسپلٹی نے دارالحکومت کے مشرق و مغربی علاقوں میں 317,200 مربع میٹر پر دو بڑے پارکس کے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد دارالحکومت بھر میں پبلک ایریا میں توسیع اور پرکشش شہری مقامات بنانا ہے۔
ریاض شہر کے مشرقی جانب پارک کا رقبہ ایک لاکھ 47 ہزارمربع میٹر ہو گا، جس کا نام ’حدیقہ الجزیرہ‘ تجویز کیا گیا ہے۔
دوسرے پارک کو ’حدیقہ الدارالبیضا‘ کا نام دیا گیا ہے جو ریاض کے جنوب میں ہے، اس کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 69 ہزار 500 مربع میٹر ہے۔
الجزیرہ پارک شہر کے 6 لاکھ افراد جبکہ الدارالبیضا پارک سے علاقے کے 7 لاکھ 95 ہزار افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

پارکوں میں سہولتوں کی ایک وسیع رینج پیش کی جائے گی، انہیں جدید انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
گالف کورس،واٹرفرنٹ اور بچوں کے پلے ایریا، ایک تھیٹر، کثیر المقاصد سپورٹس فیلڈ، جاکنگ ٹریک، ریستوران، کافی شاپس اور فاسٹ فوڈ کورٹس بھی بنائے جائیں گے۔

الدارالبیضا پارک میں میٹروسٹیشن بھی ہو گا جبکہ یہاں شہر کے دیگر علاقوں سے آمد ورفت کےلیے جنرل ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
دارالحکومت میں بڑے پارکوں کی ترقی میونسپلٹی کی جانب سے پائیدار شہری ترقی کو فروغ دینے اور وژن 2030 کے مطابق معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
