روہنگیا مسلمانوں کو ہند میں رہنے کی اجازت دی جائے، مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی۔۔۔۔روہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ مذہبی امتیاز نہ برتتے ہوئے انسانیت کے ناطے ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے ، نیز مرکزی حکومت کو مسلمان پناہ گزینوں کو بھی اسی گرم جوشی سے اپنانا چاہئے جس طرح سے ہندوؤں اور دیگر قوموں کے پناہ گزینوں کو ہندوستان میں پناہ دی گئی ہے۔ یہ درخواست جمعیت علمائے ہند کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دیئے جانے سے متعلق سپریم کورٹ میں داخل ایک پٹیشن میں کی گئی ۔چیف جسٹس دیپک مشر کی سربراہی والی سہ رکنی بنچ جس میں جسٹس اے ایک کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ شامل ہیں، کے روبرو سینیئر وکیل ایف ایس نریمن نے بحث کی اور عدالت کو بین الاقوامی اجلاسوں میں پناہ گزینوں سے متعلق منظور کی گئی قراردادوں کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستان نے ہمیشہ مظلوموں کی مدد کرنے کا یقین دلایا ہے لہذا روہنگیا پناہ گزینوں کی بھی مدد کی جائے اور انہیں راکھین میں قیام امن تک ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے۔اس معاملے کی آئندہ سماعت 13اکتوبر کو متوقع ہے۔