Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شریف خاندان منہ نہیں دکھا سکے گا،زرداری

کراچی ...سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شریف خاندان اختلافات کا ڈرامہ رچا کر احتساب سے بچنا چاہتا ہے۔ آئندہ دنوں میں شریف اشرافیہ کی لوٹ مار کی مزید تفصیلات سامنے آئے گی۔ وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ شریف خاندان وی آئی پی احتساب پر چیخیں مار رہا ہے۔عوام اب شریفوںکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سب سے زیادہ نقصان عمران خان نے پہنچایا۔ ان کی سولو فلائٹ کا سب سے زیادہ فائدہ نواز شریف کو ہوا۔سیاسی بصیرت سے عاری عمران خان تبدیلی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام بنیادی سہو لتوں سے محروم ہیں جبکہ عمران خان تبدیلی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف کے3 ادوار میں جواں مردی سے انتقامی کارروائیوں کا مقابلہ کیا اور عدالتوں سے سرخرو ہوئے۔انہوںنے کہا کہ نیب احتساب کا یکساں پیمانہ اپنائے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق زرداری نے کہا کہ عوام نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی نام نہاد تبدیلی دیکھ لی۔ انہوں نے افراتفری، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا۔انہوںنے مزید کہا کہ نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ۔ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے۔آج ملک میں 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ ملک غریب جب کہ شریف خاندان اور ان کے چیلے امیر ہورہے ہیں۔ حکمران خود کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں۔خادم اعلی کی نام نہادگڈ گورننس کاپول کھل گیا ۔ لاہور کے اسپتالوں میں مریضوں کودوائی اور جگہ نہیں ملتی۔ عوام اب نواز شریف اور عمران خان کی منفی سیاست کو رد کردیں گے۔2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں کامیاب ہوگی۔
 

شیئر: