Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے بی ایل اے اور مجید برگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق اس نے بلوچ لبریشن آرمی اور اس کی زیلی تنظیم ’مجید بریگیڈ‘ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (FTO) قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائیٹ پر جاری بیان کے مطابق سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کے پہلے سے موجود ’خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد‘ Specially Designated Global Terrorist  کے درجے میں بطور ضمنی نام شامل کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ بی ایل اے کو کو 2019 میں کئی دہشت گرد حملوں کے بعد  ’خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد‘ قرار دیا گیا تھا۔
 2019 کے بعد بی ایل اے نے مزید حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جن میں مجید بریگیڈ کے ذریعے کیے گئے حملے بھی شامل ہیں۔
 2024 میں بی ایل اے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ  2025 میں بی ایل اے  نے مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی، جس میں 31 عام شہری اور سکیورٹی اہلکار جان سے گئے  اور 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خارجہ کی آج کی کارروائی ٹرمپ انتظامیہ کی دہشت گردی کے خلاف عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ’دہشت گرد تنظیموں کو نامزد کرنا ہماری اس جدوجہد میں ایک اہم قدم ہے، اور یہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے امداد کو روکنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔‘
محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدامات امیگریشن اور نیشنلٹی ایکٹ کی دفعہ 219 (ترمیم شدہ) اور ایگزیکٹو آرڈر 13224 (ترمیم شدہ) کے تحت کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں (FTO) کی نامزدگیاں فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوتی ہیں۔
 

شیئر: