Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیلنٹ ہنٹ میں فرنچائززکا پی سی بی کے ساتھ چلنے سے انکار

 
لاہور:پاکستان سپر لیگ میں شامل فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کو اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے ، کرکٹ بورڈ نے اخراجات میں برابر کا حصہ ڈالنے کی پیشکش بھی کی لیکن فرنچائز زنے کسی بھی قسم کے اشتراک سے معذوری ظاہر کردی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز ز مالکان اور پی سی بی حکام کے درمیان ہو نے والی ملاقات میں مختلف امورزیر غور آئے ۔ چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کی صدارت میں ہو نے والے اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید نے تجویز دی کہ تمام فرنچائز اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بورڈ کے اشتراک سے کرائیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس پروگرام میں برابر کا حصہ ڈالنے کو تیار ہے لیکن فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے اسپانسرز کے ساتھ مل کر یہ اسکیم ڈیزائن کی ہے اوریہ ممکن نہیں کہ اس منصوبے میں بورڈ کو بھی ساتھ ملائیں۔فرنچائز مالکان کا مزید کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ پہلے ہی اپنے ٹیلنٹ ہنٹ منصوبوں پر کام کر رہا ہے اس لئے وہ اپنے پروگرام جاری رکھے۔ فرنچائز ز مالکان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پروگرام میں کسی کو شراکت نہیں دے سکتے اور آزادانہ طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کا پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ لاہور قلندرز اس پروگرام میں سب سے آگے ہے جس نے اپنی ٹیم کو مسلسل دوسرے سال آسٹریلیا بھیجا اوراس وقت لاہور کے4 کھلاڑی آسٹریلوی کلبوں کے لئے کھیل رہے ہیں۔لاہور قلندرز کے علاوہ پشاور زلمی،کراچی کنگز،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ بھی الگ الگ پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام چلارہے ہیں۔لاہور قلندرز نے اپنے پروگرام کے ذریعے پنجاب سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کے ٹرائلز لئے تھے اور بہترین کھلاڑیوں کا ایک ٹورنامنٹ بھی کرایا تھا۔

شیئر: