Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’ہمیں کھانادو‘‘ زمبیا کے ہوٹل میں 2ہاتھی گھس آئے

لوانگوا، جنوبی افریقہ.... کہتے ہیں کہ بھوک ایسی چیز ہے جو ایک حد تک انسان اور جاندار چیزو ں کو صبرکرنے پر آمادہ رکھتی ہے مگر ایک وقت ایسا آتا ہے کہ جب بھوک برداشت کرنا کسی کیلئے مشکل ہوجاتا ہے۔ یہاں ایک ہوٹل میں اس کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ لوانگوا نیشنل پارک کے قریب واقع اس ہوٹل میں جسے فوئی لاج کا نام دیا جاتا ہے ایک دن اچانک دو بھوکے ہاتھی  گھس آئے اور بغیر کسی خوف  وخطر ہوٹل کے اندر منڈلانے لگے۔ ہاتھیوں کو بن بلائے مہمانوں کی طرح ہوٹل میں گھستے دیکھ کر ہوٹل کا استقبالیہ افسر بیحد حیران ہوا اور اس نے اس یادگار لمحے کو کیمرے میں محفوظ کرلیا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ دونوں ہاتھی بھوکے نظر آرہے تھے اور وہ ہر اس جگہ سونڈ پھیلاتے تھے جہاں سے ا نہیں خوردنی اشیاء کی مہک آتی تھی۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ دونوں ہاتھی کہاں سے اچانک ہوٹل کے اندرچلے آئے تھے ہوٹل کے اندر بنے چھوٹے کیفے ٹیریا کے قریب سے گزرتے ہوئے ادھر ادھر منڈلاتے رہے۔ انکے رویئے سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ ہوٹل کی اندرونی آرائش اور سیٹ اپ کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں۔ ہوٹل کے عملے نے ان دونوں کو پہلے ہوٹل سے نکالنے کا فیصلہ کیا اورپھر انہیں باہرجانے پر مجبور کردیا جہاں دونوں ہاتھی زمین پر پڑے ہوئے کچھ ہرے بھرے پتے کھاتے نظر آئے۔ واضح ہوکہ سائوتھ لوانگوا کا نیشنل پارک زمبیا کے مشہور دریا لوانگواکے کنارے واقع ہے اور  طرح طرح کے جنگلی جانوروں کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے جس میں ہاتھی، دریائی گھوڑے اور نت نئے پرندے نے قابل ذکر ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق دونوں ہاتھی بغیر کسی ہنگامہ آرائی کے ہوٹل کے احاطے سے باہر چلے گئے تاہم اس سے قبل ہوٹل انتظامیہ نے گزشتہ رات کی بچی کھچی اشیاء ان کے سامنے رکھ دیں تاکہ کسی حد تک ان کی بھوک کا ازالہ ہوسکے۔

شیئر: