Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی کو پارلیمنٹ کی نہیں انتخابات کی فکر ہے، غلام نبی آزاد

نئی دہلی۔۔۔۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد ، ڈپٹی لیڈر آنند شرما، لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ملکا ارجن کھڑگے اور دپیندر ہڈا نے پریس کانفرنس میں کہاہے کہ مودی حکومت انتخابات کرانے کی مشین بن گئی ہے۔ پنچایتوں سے لیکر صدارتی انتخابات سمیت ہونے والے الیکشن میں مودی مسلسل تشہیری مہم میں لگے ہوئے ہیں۔ ملک کی جمہوری تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وزیر اعظم عوام سے متعلق مسائل کو نظر انداز کرکے صرف انتخابی مہم میں مصروف رہا ہو۔ آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم کو الیکشن کمیشن سے ان دوروں کیلئے ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ مودی انتخابی مہم میں اس کا غلط استعمال کررہے ہیں جس سے ملک کو بڑا اقتصادی نقصان پہنچ رہا ہے۔ پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کیلئے گجرات کے انتخابات زیادہ اہم ہوگئے ہیں اور وہ پارلیمنٹ میں عوام کے سوالات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھ رہی ۔اسمبلی انتخابات کیلئے سرمائی اجلاس موخر کرکے ملک کے عوام کی آواز دبائی جارہی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کے عوام کی حفاظت کیلئے ہوتی ہے لیکن موجودہ حکومت نے سرمائی اجلاس کے سیشن کو ختم کردیا ہے۔

شیئر: