ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو 2026: جدید ترین طیاروں کے لیے طویل رن وے
جمعرات 5 فروری 2026 19:40
جنرل اتھارٹی فارملٹری انڈسٹریز ڈیفنس شو کا اہتمام کر رہی ہے۔(فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی دارلحکومت ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 8 فروری سے ہو گا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں جنرل اتھارٹی فارملٹری انڈسٹریز ڈیفنس شو کا اہتمام کر رہی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو 12 فروری 2026 تک جاری رہے گا جس میں مختلف ملکوں کے سرکاری وفود، سرکاری ادارے، ڈیفینس و سکیورٹی کے شعبوں میں مہارت رکھنے والی انٹرنیشنل کمپیناں شرکت کریں گی۔
جنرل اتھارٹی فارملٹری انڈسٹریز کے گورنر انجینیئراحمد العوھلی نے ڈیفنس شو کی سرپرستی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انجینیئراحمد العوھلی نے بتایا’ ڈیفنس شو کے تیسرے ایڈیشن ایک مربوط دفاعی نظام کے حوالے سے مملکت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈیفنس شو میں مختلف نوعیت کے ایئراینڈ گراونڈ کے پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔ یہ ایونم ڈیفنس اور سکیورٹی کی صنعتوں سے منسلک کمپنیوں کے لیے بہترین موقع ثابت ہوگا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ڈیفنس شو مملکت کے وژن 2030 کے مطابق 50 فیصد سے زیادہ عسکری اخراجات کی لوکلائزیشن کی کوششوں کی سپورٹ کرتا ہے۔

ورلڈ ڈیفنس شو کے سی ای او اینڈریوبرسی کا کہنا تھا’ نمائش کے تیسرے ایڈیشن میں مختلف نوعیت کے پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ دفاعی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا ایکسپو میں 2700 میٹر طویل رن وے کے ساتھ چار عدد ٹیکسی ویز کے علاوہ جدید ترین طیاروں کی نمائش کے لیے وسیع و عریض گراونڈ شامل ہے، جہاں طیاروں کو پارک کیا جائے گا۔
توقع ہے رواں برس ہونے والا ڈیفنس شو 2026 کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کرنے والوں کی تعداد سابقہ ایونٹ سے تجاوز کرجائے گی۔

یاد رہے گزشتہ برس ڈیفنس شو میں 26 ارب ریال کی مختلف نوعیت کی خریداری کے 61 معاہدے کیے گئے تھے۔
نمائش میں 116 ممالک کے مختلف وفود نے شرکت کی جن میں 441 سرکاری ادارے تھے۔
وزیٹرز کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار سے زیادہ رہی جبکہ 773 صنعتی کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے تھے۔
