Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں اونٹوں کے لیے ’پاسپورٹ‘ کے اجرا کا اعلان

 سعودی عرب نے پہلی مرتبہ عالمی سطح پر اونٹوں کے لیے ’پاسپورٹ‘ کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ یہ پاسپورٹ ایک شناختی اور تنظیمی دستاویز کا کردار ادا کرے گا۔
العربیہ کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت نے اونٹوں کی باقاعدہ شناخت کو یقینی بنانے کے لیے ’کیمل پاسپورٹ‘ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ایک نیا ریگولیٹری اور ڈیجیٹل ٹول ہے جس کا مقصد اونٹوں کے شعبے کو منظم کرنا، ان کی ملکیت اور شناخت کو دستاویزی شکل دینا اور مارکیٹ کی ساکھ کو بڑھانا ہے۔
اس پروجیکٹ کا افتتاح سعودی نائب وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت منصور المشیطی نے کیا۔
وزارت کے مطابق ’کیمل پاسپورٹ ایک جامع شناحتی دستاویز کے طور پر کام کرتا ہے جس میں مائیکرو چپ نمبر، پاسپورٹ نمبر، اونٹ کا نام، تاریخ پیدائش، نسل، جنس، رنگ، جائے پیدائش، تاریخ اجرا اور مقام کے ساتھ جانور کی تصویر بھی ہے تاکہ شناخت کی درست تصدیق کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
یہ پروجیکٹ عمر، جنس، نسل اور رنگ کے لحاظ سے اونٹوں کی آبادی کے بارے میں درست اعداد وشمار کی فراہمی کے ذریعے سٹریٹیجک پلاننگ کی معاونت کرے گا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ’کیمل پاسپورٹ ایک سرکاری دستاویز ہوگی جس میں اونٹ کی تمام تفصیلات درج ہوں گی، جن میں نسل، ویکیسنیشن کی تفصیلات کے علاوہ مکمل میڈیکل ریکارڈ بھی شامل ہوگا، جس کی تصدیق ویٹرنری حکام کریں گے۔‘
وزارت کے مطابق ’اونٹوں کے پاسپورٹ کے اجرا سے ان کی خرید و فروخت بھی منظم ہوگی  جس سے اونٹ مالکان کے حقوق بھی محفوظ رہیں گے۔‘
سعودی عرب کے قومی ورثے میں 2.2 ملین اونٹ رجسٹرڈ ہیں، سب سے زیادہ تعداد ریاض میں ہے۔ ریاض ریجن میں قومی ورثے میں رجسٹرڈ اونٹوں کی تعداد 65 لاکھ 64 ہزار سے زیادہ ہے۔

واضح رہے اونٹ ہزاروں سال سے عرب کی ثقافتی، اقتصادی اور قومی علامت رہے ہیں۔
عرب خطے میں اونٹوں کے چرواہے اور اسے پالنے والے ثقافتی اور روایتی طور پر اپنا شجرہ نسب رکھتے ہیں۔

 

شیئر: