Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میلبورن ٹیسٹ: آسٹریلوی بولرز کے صبر کا امتحان

 
میلبورن:ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کا تیسرا دن انگلینڈ کے اوپنر اور سابق کپتان ایلسٹر کک کے نام رہا جو آسٹریلوی بولرز کے صبر کا امتحان لیتے ہوئے مسلسل دوسرے دن بھی وکٹ پر ڈٹے رہے اور 140 رنز اسکور کرکے نہ صرف اپنی پانچویں ڈبل سنچری مکمل کی بلکہ ٹیم کی برتری بھی 164رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہے ۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو کک 244پر کھیل رہے تھے جبکہ ٹیم کے آخری کھلاڑی جیمز اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے ان کے ساتھ موجود تھے۔انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں9وکٹوں کے نقصان پر491 نز بنالئے ہیں۔انگلینڈ کو آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 327رنز پ کے جواب میں164رنز کی اہم برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے3-3 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق کھیل کے تیسرے دن انگلینڈ نے 192رنز 2 کھلاڑی آوٹ پر نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی ، ایلسٹر کک104اور جوئے روٹ 49رنز پر کھیلنے آئے۔ان کے درمیان138رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب جوئے روٹ 61رنز بنا کر پیٹ کمنزکو وکٹ دے بیٹھے۔ ملان 14اور بیرسٹو 22رنز بناکر آوٹ ہوئے، معین علی اور کرس ووکس بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور جلد ہی کک کا ساتھ چھوڑ گئے، ان دونوں بیٹسمینوں نے بالترتیب 20اور26رنز بنائے، اسٹورٹ براڈ نے 56رنز کی اننگز کھیلی اور کک کے ساتھ 100رنز کی شراکت قائم کرنے بھی کامیاب رہے جبکہ کرس ووکس اور کک کے درمیان 59رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران ایلسٹر کک نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی ڈبل سنچری مکمل کی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پانچویں ڈبل سنچری ہے جبکہ وہ اس سیریز میں اب تک کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے میں بھی کامیاب رہے ۔کک نے409گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے27چوکوں کی مدد سے244رنز بنا لئے ہیں۔ ان کے ساتھ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن وکٹ پر موجود ہیں جو 15گیندیں کھیلنے کے باوجود اسکور نہیں کر سکے ۔ انگلینڈنے 9وکٹوں کے نقصان پر491رنز بناکر164رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

شیئر: