Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھینک روکنے کیلئے ناک بند کرنے کی کوشش بہت مہنگی پڑ گئی

لیسسٹر شائر.... لیسسٹر یونیورسٹی ہاسپٹل کے سرجنوں کے پاس آپریشن کا ایک عجیب و غریب کیس آیا۔ جس سے شاید ہی کسی سرجن کو پہلے کبھی واسطہ پڑ ا ہو۔ کہا جاتا ہے کہ 34سالہ نامعلوم شخص چھینکنے کا عادی تھا اور کبھی کبھار یہ چھینکیں بہت زور دار ہوجاتی تھیں کہ خود اسے بھی ناگوار گزرتی تھیں۔ چنانچہ اس نے چھینکوں سے بچنے کیلئے اپنی ناک بند کرلی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ چھینک کیساتھ منہ تک آنے والی گردشی ہوا حلق کے عقبی حصے سے سوراخ بن کر نکل گئی۔ جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا اور ایک ہفتے تک اسے ٹیوب کے ذریعے خوراک فراہم کی گئی۔ڈاکٹروں کا کہناہے کہ یہ عجیب و غریب واقعہ ہے کیونکہ اس طرح جان بھی جاسکتی تھی۔ انکا کہناتھا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جب کوئی شخص چھینکتا ہے تو اپنی ناک کیسے بند کرسکتا ہے مگر اس شخص کو جھوٹا سمجھنے کی بھی دلیل ہمارے پاس نہیں۔ یہ عجیب وغریب رپورٹ بی ایم جی ہاسپٹل کے جریدے میں شائع ہوئی ہے اور یونیورسٹی ہاسپٹل کے ماہرین نے اسے اپنی قسم کا عجیب و غریب کیس قرار دیدیا۔ سردست یہ شخص اسپتال میں زیر علاج ہے اور صحتیاب ہونے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے تاہم اسکے لئے سب سے اچھا مشورہ یہ ہے کہ وہ اپنے نتھنے آئندہ کبھی بند نہ کرے۔ ورنہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔
 
 

شیئر: