Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض،باحہ اور حائل میں موسلا دھار بارش ، ژالہ باری ، حادثات

    ریاض- - - -  - سعودی عرب کے مختلف علاقوں خصوصاً ریاض، باحہ اور حائل میں جمعہ کوموسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے زندگی مفلوج کر دی۔ ریاض  میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی گئیں۔ مغرب کی اذان سے چند منٹ قبل زور دار بارش شروع ہو گئی تھی۔ مغرب کی نماز مقررہ وقت اور عشاء کی نماز قبل از وقت ایک اذان اور دو اقامت کے ساتھ ادا کر لی گئیں۔ نمازیوں کو مشقت سے بچانے کیلئے شدید بارش کے عالم میں دونوں نمازیں ایک ساتھ ادا کرنے کی اجازت ہے۔ بارش سے ریاض کی سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ محکمہ ٹریفک کے ترجمان نواف السدیری نے بتایا کہ 231شکایات موصول ہوئیں۔ 13حادثات ہوئے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ریاض میں شہری دفاع کے ترجمان محمد الحمادی نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سیلاب کی صورتحال نہیں ہے اور نہ ہی وادیوں میں شہریوں کے پھنس جانے کی کوئی شکایت موصول ہوئی۔ ریاض محکمہ ٹریفک نے مختلف مقامات پر پانی حد سے زیادہ بھر جانے پر ٹریفک محفو ظ راستوں پر موڑ دیا۔ العلیاء انڈرپاس اور الضباب انڈر پاس میں پانی بھر گیا تھا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ پانی کی حد معمول پر آجانے کے بعد راستے بحال ہو جائیں گے۔ حائل شہر اور مضافات میں موسلادھار بارش کے ساتھ برف باری بھی ہوئی۔ سراۃ عبیدہ کمشنری او راس کی تحصیلوں میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں ہلکی پھلکی بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی دیکھنے میں آئی۔ الخرج کمشنری کے شہر السیح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ باحہ ریجن کی القری کمشنری میں موسلادھار بارش سے کہیں زیادہ برف باری ہوئی۔ یہاں کی سڑکیں اور پہاڑ کئی سنٹی میٹر برف باری کے باعث سفید چادر میں ملبوس نظر آنے لگے۔ ماہرین موسمیات نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ جمعرات کو علاقے میں زبردست برفباری ہو گی۔ ظہران الجنوب سے بھی بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔   موسمی امور کے تجزیہ نگار ترکی الجمعان نے بتایا ہے کہ مملکت کے اکثر علاقوں میں غیر مستحکم موسم کا سلسلہ  ہفتے تک جاری رہیگا۔ اس سے موسمی حالات زبردست طریقے سے گڑبڑ ہوسکتے ہیں۔ موسلاد ھار بارش ہوگی، حائل خاص طور پر متاثر ہوگا جہاں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہی بارش کے ساتھ ژالہ باری شروع ہو رہی ہے۔ ریاض خصوصاً اسکے جنوبی علاقے بارش کی زد میں ہونگے۔ مشرقی ریجن کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوگی۔ ربع خالی اور جنوبی جزیرہ عرب جازان، عسیر اور باحہ میں زبردست ژالہ باری کا امکان ہے۔ مدینہ منورہ کا علاقہ بھی بارش کی زد میں ہوگا۔
مزید پڑھیں:- - - - -  -سعودی فوج مشرق وسطیٰ کی طاقتور ترین

شیئر: