مکہ مکرمہ.... خواتین کو روزگار دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے غیر اخلاقی گفتگو کرنے والے یمنی کو گرفتار کر لیا گیا ۔ متعدد مقامی خواتین نے گورنر ہاﺅس میں ملزم کے خلاف شکایات درج کروائی تھیں ۔ سبق نیوز کے مطابق مقامی خاتون نے گورنر ہاﺅس میں نجی کمپنی کے یمنی اعلیٰ عہدیدار کے خلاف شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ خواتین کو روزگار دلانے کا کہہ کر ان کے موبائل فون پر غیر ضروری گفتگو کرتا ہے ۔ شکایت پر گورنر ہاﺅس کی جانب سے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقاتی اداروں کو حکم دیا گیا کہ وہ مذکورہ واقعے کی تحقیقات کریں ۔ پولیس نے یمنی کو گرفتار کرکے اس کا نجی کمپیوٹر اپنی تحویل میں لے لیا جس میں متعدد خواتین کے ایڈریس اور ٹیلی فون نمبرز کے علاوہ مختلف اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ۔ پولیس ملزم سے مزید تحقیقات کررہی ہے ۔