Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامران اکمل اورمحمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی میں جگہ نہیں بنتی، مکی آرتھر

کراچی: ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ بولنگ کے بغیر محمد حفیظ اور فیلڈنگ کے بغیر کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت مسائل کا سبب بنتی جبکہ اب خراب فیلڈرز کو بھی موقع نہیں دیا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےلئے پاکستانی ٹیم کے مختصر تربیتی سیشن کے دوران ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی اچھی فیلڈنگ نہیں کر سکتا، وہ پاکستان کےلئے نہیں کھیل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حفیظ کا انتخاب ون ڈے کیلئے ہو سکتا ہے ٹیم کے دروازے ان پربند نہیں ہوئے، ان کا انتخاب ایک روزہ میچز میں ہوسکتا ہے، اگر محمد حفیظ بولنگ کرسکتے تو وہ ٹیم کیلئے مفید ثابت ہوتے لیکن صرف بیٹسمین کے طور پر ان کی شمولیت مسائل کا سبب بنے گی ۔ مکی آرتھر نے کہا کہ قومی ٹیم میں انتخاب سے قبل وہ کھلاڑی کی تمام شعبوں خصوصاً فیلڈنگ میں جائزہ لیتے ہیں اور سیریز کےلئے جن 15 کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے وہ کھیل کے تمام شعبوں میں بہترین ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ٹیم میں توانائی لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ملک میں ایک بھی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا اور ہوم گراونڈ پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے شائقین کے سامنے کھیلنا ان کیلئے یادگار لمحہ ہو گا۔ وہاب ریاض اور محمد سمیع کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے منتخب نہ کرنے کے سوال پر کوچ نے کہا کہ ہم نے سیریز کیلئے نوجوان ٹیم منتخب کی ہے جبکہ راحت علی کو منتخب کرنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ آنے والے مہینوں میں ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلیں گے۔ انہوں نے اس بات کی تائید کی کہ پی ایس ایل سے بہت سے اچھے بولرز ملے لیکن اب تک کوئی بھی غیر معمولی بیٹسمین نہیں مل سکا۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کامران فیلڈنگ نہیں کرسکتے، ان کو پہلے بھی موقع دیا گیا تھا لیکن اگر آپ فیلڈنگ نہیں کرسکتے تو آپ پاکستان کیلئے کھیل بھی نہیں سکتے۔

شیئر: