Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ہاکی ٹیم کا فٹنس لیول

 
کراچی:پاکستانی ہاکی ٹیم کے آسٹریلین فزیکل ٹرینر ڈینئل ہیری کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ہاکی ٹیم کا فٹنس لیول بہت کم ہے جس کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔ ایک ہفتے تک بھرپور ٹریننگ کے بعد اب کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جارہا ہے۔ ڈینئل بیری کی نگرانی میں کھلاڑیوں کے مختلف فزیکل سیشن ہوئے جن میں اسپیڈ ٹیسٹ لیا گیا اور کھلاڑیوں سے مختلف مشقیں کرائی گئیں۔ اس سے قبل ڈینئل ہیری نے ایبٹ آباد میں بھی ابتدائی کیمپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کی فٹنس پر کام کیا تھا اور اب وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے کراچی پہنچے ہیں۔ ڈینئل ہیری کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول انتہائی کم ہے۔ یویو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول 20 پلس ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کا لیول 29 تک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کی نسبت فٹنس میں بہتری آرہی ہے تاہم ماڈرن ہاکی میں کھلاڑیوں کی100 فیصد فٹنس ہونا بہت ضروری ہے۔ڈینئل ہیری نے بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا اصل مسئلہ فٹنس ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ یورپی اور آسٹریلوی حریفوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ جب تک کھلاڑی مکمل طور پرفٹ نہیں ہوگا  وہ بہتر نتائج نہیں دے سکتا۔ دوسری جانب ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ آلٹمنز نے ایک ہفتے کی چھٹی گزارنے کے بعد کیمپ جوائن کرلیا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم کے ایک روزہ ٹرائلز کے بعد ٹورنامنٹ کیلئے کیمپ میں شریک 30 میں سے 22 کھلاڑیوں کا انتخاب کیاجائے گا جس کے بعد ٹیم کا اعلان ہوگا۔پاکستانی ہاکی ٹیم 2 جون کو ہالینڈ روانہ ہو گی جہاں 18 روز کا ٹریننگ کیمپ لگایا جائے گا۔ اس دوران پاکستان ٹیم آسٹریلیا سے 3اور ہالینڈ کے خلاف ایک پریکٹس میچ کھیلے گی جس کی بنیاد پر 21جون کو 18 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو 23جون سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کریں گے۔

شیئر: