Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیڈنگلے ٹیسٹ میں فخر زمان کوٹیسٹ کیپ ملے گی

لندن:مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہو جانے کے بعد جارح مزاج اوپنرز فخر زمان کیلئے یکم جون سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں کیریئر کے آغاز اور ٹیسٹ کیپ ملنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ بابر اعظم بائیں کلائی میں فریکچر کے سبب پاکستان روانہ ہو چکے ہیں ۔ دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑی کے معاملے میں سلیکشن کمیٹی پر واضح کیا ہے کہ پاکستان سے کوئی متبادل کھلاڑی بھجوانے کی ضرورت نہیں ۔لندن سے لیڈز پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو 13 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے 28 سالہ فخر زمان پاکستان کے 232 ویں ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے۔ ملتان میں 2013 ءمیں فرسٹ کلاس ڈیبیو کر نے والے فخرزمان 37 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 41.91 کی اوسط اور6 سنچریوں کی مدد سے 2389 رنز بنا چکے ہیں۔ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی نے فخر زمان کو چوتھے اوپنر کی حیثیت سے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا تاہم بابر اعظم کے ان فٹ ہونے پر بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فخرزمان کی بیٹنگ پوزیشن کا معاملہ طے ہونا باقی ہے ۔ امام الحق اور اظہر علی بطور اوپنرز کھیل رہے ہیں جبکہ آخری 2 ٹیسٹ میچوں میں حارث سہیل کو نمبر3 پر کھلانے کا تجربہ ہوا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم نمبر 5 پر کھیلے تھے لہذا اندازہ یہی ہے کہ فخر زمان نمبر 5پر کھیلیں گے۔ اگر ایسا ہوا تو نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین ایک مرتبہ پھر بغیر کھیلے پاکستان چلے جائیں گے۔99 فرسٹ کلاس میچوں میں 6329 رنز بنانے والے عثمان صلاح الدین کی قومی ٹیم کے ساتھ یہ چوتھی سیریز ہوگی جس میں وہ ٹیسٹ کھیلے بغیر واپس جائیں گے۔
 

شیئر: