”جعلی افسر“ نے جدہ کا تاریخی شاہی محل خزام تارکین کو کرائے پر دے دیا
جدہ.... یہاں نزلہ یمانیہ میں موجود معروف شاہی قصر خزام ایک جعلی افسر نے غیر قانونی تارکین کو کرائے پر دے دیا۔ اپنی نوعیت کی یہ انوکھی واردات افسانہ نہیں، حقیقت ہے۔ اس قسم کے افسانوی قصے برصغیر کے حوالے سے رائج تھے ۔ کہا جاتا ہے کہ کسی نے دہلی میں واقعہ لال قلعہ فروخت کرکے اس کی رجسٹری کے کاغذات پارلیمنٹ میں پیش کردیئے تھے۔ المدینہ اخبار کے ایک ایڈیٹر اور فوٹوگرافر نے قصر خزام کو کرائے پر اٹھانے کے واقعہ کی تفصیلات بمع تصاویر جاری کی ہیں۔ 14 برس کیلئے قصر کرائے پر دیا گیاہے۔ محل کے کمروں اور صحنوں کو غیر قانونی گوداموں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ ایک لاکھ 70 ہزار ریال کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ قصر خزام کی چابیاں ایک غیر ملکی کارکن " سراج" کے پاس ہیں۔ وہی چوکیدار کے فرائض انجام دیتا ہے۔ اس واردات کا راز اتفاقیہ طور پر ہی کھل گیا۔ سراج سے بہت سارے سوالات کئے گئے، اس نے گھبراہٹ کے عالم میں ہمیں یہ کہہ کر کہ قصر خزام فلاں بریگیڈیئر نے ہمیں کرائے پر دیا ہے اور اس کا نمبر یہ ہے۔ آپ اس سے ہی تفصیلات دریافت کرسکتے ہیں۔ اخبار کی ٹیم نے دیئے گئے نمبر پر گودام کرائے پر حاصل کرنے کیلئے رابطہ کیا۔ خودساختہ افسر نے پرجوش طریقے سے خیرمقدم کیا۔ اس نے بتایا کہ ایک لاکھ سے ایک لاکھ 70 ہزار تک کے کرائے پر گودام دیئے جارہے ہیں۔ وہ نہایت پراعتماد تھا۔ ٹیم نے جب یہ شک شبہ ظاہر کیا کہ بلدیاتی کونسل کے افسران ہوسکتا ہے ہمیں پریشان کریں، اس پر اس نے اطمینان دلایا کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا، میں اس کی گارنٹی دیتا ہوں۔ ان سب کے ساتھ ہماری مکمل سیٹنگ ہے۔ اخباری ٹیم کا کہنا ہے کہ کرائے پر قصر حاصل کرنے والے کارکنان نے انتہائی سادہ طریقے سے لکڑیوں اور اینٹوں سے کمرے بھی بنا رکھے ہیں اور انہیں وہ غیرقانونی تارکین کو کرائے پر دیئے ہوئے ہے۔ قصر خزام کے ایک پڑوسی عبدالسلام خالد نے بتایا کہ یہاں کئی افریقی ممالک کے لوگ قیام پذیر ہیں۔ یہ لوگ عصر یا مغرب کے وقت آتے ہیں اور محل کی فصیل میں موجود خود ساختہ دروازے سے داخل ہوجاتے ہیں۔ اگلے دن صبح سویرے ہی یہاں سے نکل جاتے ہیں۔ محکمہ سیاحت کے ترجمان یاسر العبادی نے بتایا کہ قصر خزام نجی ملکیت ہے ۔ ہمارے محکمے کے دائرے سے خارج ہے۔ جدہ میونسپلٹی کے میڈیا سینٹر کے نمائندے سامی الغامدی نے بتایا کہ میونسپلٹی اس قسم کے گوداموں اور ورکشاپوں کے خلاف ہے۔ بلدیہ نے 7 گودام بند کرا دیئے ہیں۔ 12 گیس سیلنڈر ضبط کئے ہیں، 2 سلائی مشینیں اور 7 دیگر مشینیں ضبط کی ہیں۔ دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔