بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس فیسٹیول: کھجوروں کی براہ راست نیلامی کیسے کی جاتی ہے؟
کھجور کے معیار اور دستیابی و طلب کے مطابق قیمت طے ہوتی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
بریدہ شہر میں جاری انٹرنیشنل ڈیٹس فیسٹیول میں روزانہ وسیع تجارتی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، یہ سرگرمیاں اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے تاجروں کو نیلامی کے ذریعے معیاری کھجوریں خریدنے کے لیے راغب کرتی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق بریدہ کھجور فیسٹیول کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں کھجوروں کی نیلامی براہ راست کی جاتی ہے، جس سے کاشتکاروں کو اپنی فصل کی بہترین مارکیٹنگ کا موقع ملتا ہے۔
نیلامی میں لائی جانے والی کھجوروں کی مارکیٹنگ بھی مختلف انداز سے کی جاتی ہے۔ بعض تاجر روزانہ بنیاد پر طلب کو دیکھتے ہوئے اپنا مال مارکیٹ کرتے ہیں، جبکہ کچھ تاجر کولڈ سٹوریج میں محفوظ کرتے اور بعدازاں انہیں فروخت کےلیے پیش کرتے ہیں۔
بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس فیسٹیول کمیٹی کے سیکریٹری اور سی ای او ڈاکٹر خالد النقیدان نے بتایا’ روزانہ بنیاد پر ہونے والی نیلامی فیسٹیول میں خرید و فروخت کے عمل کو منظم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’خریداروں کے درمیان مسابقت کے باعث کھجوروں کی منصفانہ ویلیو طے ہوتی ہے، جس سے پورے سیزن میں تجارتی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔‘

’ بعض اقسام کے نرخ کھجور کے معیار اور دستیابی و طلب کے مطابق طے ہوتی ہے جو ایک طرف پیش کی جانے والی مصنوعات کے تنوع اور دوسری جانب طلب و رسد کے مطابق مارکیٹ کے رد عمل کی عکاس ہے۔‘
واضح رہے بریدہ انٹرنیشنل کھجور فیسٹیول ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں کاشتکاروں اور تاجروں کا براہ راست رابطہ ہوتا ہے جس سے موثر تجارت کو فروغ ملتا ہے۔
