Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید بارش: چھتیس گڑھ میں پل بہہ گیا،مختلف ریاستوں میں سیلاب

نئی دہلی۔۔۔۔۔ملک کی مختلف ریاستوں میں مانسون کی آمد کے بعد بارش کا سلسلہ جارہے۔ خاص طور پر مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ، ہریانہ ، ہماچل پردیش اور اوڈیشہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔مدھیہ پردیش میں گوالیارکے تارا گنج علاقے میں شدید بارش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نشیبی علاقے بارش کی وجہ سے جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔ دریا دہانے سے اوپر بہہ رہے ہیں ۔سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔ریاست کے ضلع دموہ میں ہرسمت پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔ گھروں اور بازاروں میں پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے لوگ محفوظ مقام کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔چھتیس گڑھ کے سورج پور ضلع میں طوفانی بارش سے بشرام پور ، بھٹگاؤں شاہراہ پرقائم پل سیلاب میں ٹوٹ کر بہہ گیاجس سے علاقے کے لوگ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ ہریانہ میں شدیدبارش سے پورا علاقہ جل تھل ہوگیا۔بلاسپور قصبے میں 25دیہات پانی میں گھر گئے اور ان کا رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا۔یہاں آباد لوگوں کو امدادی ٹیموں نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا جبکہ کئی مکان پانی میں ڈوب گئے اور لوگ چھتوں پر زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔سڑکوں پر گاڑیاں آدھی سے زیادہ پانی میں ڈوب گئیں۔ہماچل پردیش کے ضلع چمبا میں امدادی ٹیم جان پر کھیل کر ندی کے دوسرے کنارے پہاڑی پر پھنسی ہوئی خاتون کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئی۔راجستھان کے ضلع بیکانیر میں کئی گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سےٹریفک اژدہام پیدا ہوگیااور نظام زندگی درہم برہم ہوکررہ گیا۔ریلوے اسٹیشن، پی بی ایم اسپتال، سورس ساگر کلکٹریٹ، پبلک پارک اور مکانات میں پانی جمع ہوگیا۔اوڈیشہ کے مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔متعدد مقامات پر لوگ پانی میں گھر کر رہ گئے جنہیں امداد و راحت رسانی کی ٹیمیں کارروائی کرکے محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔جموں کشمیر کے ضلع راجوری میں بھی شدید بارش کی جھڑی لگی ہوئی ہے۔یہاں ندی نالے اور تالاب بارش کے پانی سے لبالب بھر گئے ہیں۔ضلع انتظامیہ  نے  لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں:- - - -نوئیڈا:عمارت جھکنے پرسنسنی پھیل گئی

شیئر: