Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ایسوسی ایشن قطر کے یوم تاسیس پر سالانہ تقریب کا انعقاد

تنظیم کی بنیاد رکھتے ہوئے جو اہداف مقرر کئے تھے اس میں کامیاب رہے ، سفارتخانے کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا ، مقررین
 رپورٹ : مراد علی شا ہد۔  دوحہ، قطر
     حب الوطنی اور جذبہ ایثارِ وطن ہر اس شخص میں بحرِ بیکراں کی طرح موجزن ہوتا ہے جس نے اس مٹی میں جنم لیا۔اسی جذباتی وابستگی کی بنا پر ہر پاکستانی ارضِ وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔وطن دوستی اور مادرِ وطن سے محبت یقینا ایک قدرتی امر ہے لیکن یہ پیار،محبت،ایثار،لگن اور جذبہ دنیا کے گوشہ گوشہ میں بسنے والے تارکینِ وطن میں اس لئے زیادہ ہوتا ہے کہ وطن سے دور رہ کر وطن کی  اہمیت کو دل و جان سے عزیز خیال کرتے ہیں۔قطر میں’’ پاکستان ایسوسی ایشن ‘‘   ایسی تنظیم ہے جو تارکین وطن کے دلی جذبات کے اظہار کیلئے اکثر ایسے پروگرام کا انعقاد کرواتی رہتی ہے جس سے پاکستانیوں کے دل سے پاکستان کی خوشبو کبھی ماند نہ پڑے اور پاکستان سب کے دل کی دھڑکن کے ساتھ دھڑکے۔پاکستان ایسو سی ایشن قطر کو یہ   اعزاز حاصل ہے کہ وہ باقاعدگی سے روایتی مشاعروں سے ہٹ کر پاکستانی نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرواتی رہتی ہے جیسے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام،اصلاحِ نوجوان اور ہنر مندی کے سلسلے میں خصوصی لیکچرز،شائقینِ کتب کیلئے بک کلب اور بین الاقوامی مشاعرہ و ایوارڈ خاص کر شامل ہیں۔گزشتہ رووز پاکستان ایسوسی ایشن قطر نے اپنے معاون WWICS کے ساتھ مل کر یومِ تاسیس انتہائی جوش و جذبہ سے منایاجس میں عرفان تاج دفاعی اتاشی سفارتخانہ پاکستان،انوار کریم جنرل منیجرWWICS اور پروفیسر غضنفر علی نے خصوصی شرکت کی۔کیک کاٹنے کے بعد ایک مختصر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فہیم الدین چیئرمین نے ’ ’ پاکستان ایسوسی ایشن‘ ‘ کی ایک سالہ تنظیمی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش بختی ہے کہ تنظیم کی بنیاد رکھتے ہوئے  جو اہداف مقرر کئے تھے ان کے حصول میں ہم کامیاب  ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سفارتخانہ پاکستان اور WWICS کا میں خصوصی مشکور ہوں جن کا تعاون ہمیشہ ہی شاملِ حال رہا۔مہمانِ اعزازی انوار کریم نے پاکستان ایسو سی ایشن سے تعاون اور محبت کی وجہ اردو سے محبت اور دوستی کو قرار دیا،کہ اردو شیریں اور محبت کرنے والوں کی زبان ہے اور مجھے اس محبت میں آپ سب ہمیشہ صفِ اول میں پائیں گے۔مہمان ِ خصوصی عرفان تاج دفاعی اتاشی سفارت خانہ پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دوحہ میں جتنی بھی تنظیمیں کام کر رہی ہیں ان میں پاکستان ایسوسی ایشن اس لئے معتبر ہے کہ کام کرنے پہ یقین رکھتی ہے اور ان کا ہر پروگرام حب الوطنی،اصلاحِ نوجوان اور امن و آشتی پر مشتمل ہوتا ہے۔پروگرام کے اختتام پر اعجاز حیدر صدر ایسوسی ایشن نے تمام احباب کی آمد کا شکریہ ادا کیا خاص کر تجمل آفتاب چیمہ، شوکت علی ناز،شاہد رفیق ناز،اسامہ محمد،عتیق الرشید،مشرف کمال،آصف شفیع،شیراز عزیز کی خصوصی شرکت کا جو دیگر شہروں سے خصوصاً یومِ تاسیس کو پر وقار بنانے کیلئے تشریف لائے ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:- - -  -- -سیوہاروی اکیڈمی عازمین میں ایک لاکھ تحائف تقسیم کریگی، نجمی

شیئر: