Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی سے نتیش ناراض، این ڈی اے حکومت کی پہلی سالگرہ میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ

 پٹنہ .... بہار میں این ڈی اے کی حکمرانی کی پہلی سالگرہ پر وزیراعلیٰ نتیش کمار نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کی اب تک کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم انہوں نے وزیراعظم دیہی ہاﺅسنگ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے 11لاکھ گھروں کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں انکے نائب سوشیل مودی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کو اس اجلاس میں اپنی حکومت کی کارکردگی کی تفصیلات بتانا تھیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ نتیش کمار نے اس سے گریز کیا۔ وہ 2016ءمیں اتحادی حکومت کے قیام کے موقع پر بھی کچھ نہیں بتا سکے تھے او راسکے لئے انہوں نے اس وقت ہونے والے ٹرین حادثے کو وجہ قرار دیا تھا۔ ایسا نہیں ہے کہ انہوں نے اپنی حکومت کی رپورٹ بتانے کی تیاری نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے اسے بعد میں چھپوا کر میڈیا میں تقسیم کرایا تھا۔ بی جے پی کے اندرونی ذرائع کا کہناہے کہ وہ اب بی جے پی سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال سینٹرل یونیورسٹی کا درجہ بڑھانے کی انکی درخواست مسترد کردی تھی۔ اسکے علاوہ انہوں نے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے 7ہزار 600کروڑ روپے کی درخواست بھی تسلیم نہیں کی تھی۔ بہار کو صرف 1700کروڑ روپے دیئے گئے تھے جس میں سے 500کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی تھی۔ پچھلے سال اپریل میں ہونیوالے پرتشدد واقعات میں بی جے پی لیڈروں اور رضاکاروں کے نام آنے پر بھی نتیش کمار ناراض تھے کیونکہ بی جے پی نے ان ہنگاموں میں اس کے درجنوں رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف پولیس کریک ڈاﺅن پر نتیش کمار سے ناراضی ظاہر کی تھی۔ بعد میں مرکزی وزیر گری راج سنگھ ایک تنازع میں الجھ گئے تھے جب انہوں نے فسادات میں ملوث لیڈروںکی حمایت کرتے ہوئے ان سے بہار کی نواڈا جیل میں ملاقات کی تھی۔
 

شیئر: