Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراٹھا ریزرویشن تحریک کا پُرتشدد ہنگامہ، 100سے زائد گاڑیاں نذر آتش

 پونے۔۔۔۔۔ مراٹھا ریزویشن تحریک نے مہاراشٹر میں پُرتشدد ہنگامہ برپاکردیا۔مختلف مقامات پر آتشزدنی،ٹریفک اژدہام، پولیس پر حملے اور ہڑتال کے واقعات سامنے آئے۔ مظاہرین اس تحریک کے سلسلے میں اتنے زیادہ مشتعل ہیں کہ ایک شخص نے ٹرین کے آگے کود کر جان دیدی۔ قبل ازیں 2مظاہرین اورنگ آباد اضلاع میں خود کشی کرچکے ہیں پونے میں مظاہرین نے 100 سے زائد گاڑیاں نذر آتش کر دیں۔ مظاہرین نے آج ممبئی میں جیل بھرو تحریک کا بھی اعلان کیا۔پونے کےمختلف علاقوں عثمان آباد، شولا پور، کولہ پور، نندوربار اور اورنگ آباد میں آتشزدنی اور توڑپھوڑ کے واقعات پیش آئے ، ٹریفک نظام معطل ہوکر رہ گیا۔پیدل اور موٹر سائیکل پر نعرےبازی کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں مظاہرین احتجاج کررہے ہیں۔حالات کو دیکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔گزشتہ روزپرمود ہورے پاٹل نامی شخص نے ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کرلی تھی اس کی لاش  روز مکند واڑی ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہوئی۔ خودکشی کی وجہ سے اورنگ آباد کے مختلف علاقوں میں ہڑتال جاری ہے۔مراٹھا تحریک کےمشتعل نوجوانوں نے پونے کے چاکن، ہنجے واڑی، کھیڑ اور پونے،ناسک شاہراہ پر ہنگامہ کرتے ہوئے ریاست کی 5 سرکاری بسوں کو نذر آتش کر دیا۔مظاہرین نے چاکن پولیس تھانے کو بھی نشانہ بنایا۔ اس پرُ تشدد ہنگامہ اور پتھراؤ سے تقریباً 5 پولیس اہلکاراور 3راہگیر زخمی ہوگئے۔پولیس نے مظاہرین پر قابو پانے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔  تمام سیاسی جماعتوں نے مراٹھا رہنماؤں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ شیو سینا اور حزب اختلاف کی جماعتوں سمیت کانگریس اور این سی پی نے اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگیں کیں۔اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما کانگریس کے رادھا کرشن ویکھے پاٹل نے گورنر سی وی راؤ کو خط لکھ کر صوبائی حکومت اور تحریک چلانے والے مراٹھوں کے درمیان تشدد اور طویل مدتی ریزرویشن کےمعاملے کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -اترا کھنڈمیں شدید بارش ،کاریں بہہ گئیں

 

شیئر: