موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کے لیے حدِ رفتار اچانک کیوں کم کر دی گئی؟
جمعرات 12 مارچ 2026 17:15
موٹروے ایم 2 پر نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر چالان بھی کیے گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: پاک ویلز)
حکومت پاکستان کی ہدایات پر ایندھن کی بچت کے لیے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کے لیے حدِ رفتار کم کر دی گئی ہے۔
جمعے کو ترجمان سینٹرل ریجن موٹروے پولیس کی جانب سے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 120 سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔ جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کی رفتار 110 سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 100 سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہوں پر پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کی رفتار 80 سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
موٹروے ایم 2 پر نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر چالان بھی کیے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق شہری کو 115 کلومیٹر پر گاڑی چلانے پر 2500 روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ مسافر بس کو 100 کلومیٹر پر چلانے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کفایت شعاری پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت تمام سرکاری گاڑیوں کو اگلے دو ماہ کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کی کمی کی جائے گی جبکہ ہفتے میں چار دن کام کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پیر کی رات قوم سے ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے خطاب میں پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ’پورا خطہ جنگی صورتحال کی لپیٹ میں ہے۔ امن کو لاحق خطرات ہم سب کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے اوپر چلی گئی ہیں۔ ’ہماری معیشت کا انحصار خلیج سے آنے والے تیل اور گیس کی فراہمی پر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں موجودہ اضافے سے کہیں زیادہ اضافے کی تجویز دی گئی مگر ہم نے درمیانی راستہ نکالا کہ آپ پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔‘
