Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان تحریک انصاف ویسٹرن ریجن کے تحت جشن آزادی او ر یوم فتح کی تقریب

قدرت نے ہمیں 2 خوشیاں ایک ساتھ دیں ، اب اقبال کا خواب اور قائد کے اصول پاکستان کی زینت بنیں گے ، ہر سو انصاف کا بول بالا ہو گا ، طاقت حق و صداقت کی ہو گی دولت کی نہیں ، مقررین کا اظہار خیال
ارسلان ہاشمی ۔۔ جدہ
  پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے حوالے سے تحریک انصاف ویسٹرن ریجن کے تحت شاندار طریقے سے جشن آزادی اور وطن عزیزمیں ہونے والے قومی انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح کے موقع پر مثالی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ وسیع پیمانے پر منعقد کی جانے والی تقریب میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف سرمایہ کار چوہدری شفقت محمود تھے ۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے جشن آزادی اور یوم فتح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ۔ پی ٹی آئی جدہ کے سینئر رکن عبداللہ رحمان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے یوم آزادی اور انتخابات میں مثالی فتح پر مبارک باد پیش کی ۔ پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے جنرل سیکرٹری انجم اقبال وڑائچ نے کہا نو منتخب حکومت عمران خان کی قیادت میں قائد اعظم پاکستان بنائے گی ۔ عمران خان عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرتے ہوئے پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلائیں گے جس پر ہم سب کا سر فخر سے بلند ہو گا ۔ پی ٹی آئی سعودی عرب کے مرکزی عہدیدار فرخ رشید نے کہا ہمیں 2 خوشیاں ایک ساتھ ملی ہیں جس کو مل بانٹ کر منانے کیلئے آج ہم سب یہاں جمع ہوئے ہیں ۔ آج کا دن ہر پاکستانی کیلئے باعث مسرت و شادمانی ہے ۔ برسوں سے ملک پر مسلط مخصوص خاندانو ںکی اجارہ داری ختم ہو گئی او ر اب وہ دن آ گئے جب  پاکستان کو اسکی حقیقی منزل  سے روشناس کرایاجائے گا ۔ قدرت نے ہمیں دونوں خوشیاں ایک ساتھ دی ہیں یہ اس امر کا واضح اشارہ ہے کہ اب شب تاریک ختم ہو گئی اور صبح امید طلو ع ہو چکی ہے جہاں ہر سو عدل و انصاف کی فراوانی ہو گی ۔ جہاں محنت کو اسکا اجر اور ظالم کو اسکی سزا ملے گی ۔ جہاں کوئی ماں اپنے گمشدہ بچے کے لئے خون کے آنسو نہیں بہائے گی جہاں طاقت و قوت حق کی ہوگی ۔ اب مملکت خداداد  اپنے قیام کی اثاث پر گامزن ہو گی جس کا خواب اقبال نے دیکھا اور قائد اعظم نے اسے عملی جامہ پہنایا تھا ۔ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ عادل حکمران کی بدولت زمین بھی اپنے پوشیدہ خزانوں کے منہ کھول دیتی ہے جس کی برکات سے ہر ذی روح مستفیض ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی جدہ کے صدر میاں احمد بشیر نے اپنے خطاب میں حاضرین کو یوم آزادی اور پارٹی کے انتخابات میں مثالی فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا واقعی آج ہما رے لئے دوہری خوشی ہے جسے منانے کیلئے ہم سب یہاں اکھٹے ہوئے ہیں ۔ بیرون ملک رہنے والا ہر پاکستانی اپنے وطن عزیز کیلئے جتنا فکر مند رہتا ہے اس کا احساس پاکستان میں رہنے والوں کو نہیں ہوتا ۔ ہم جو بیرون ملک مقیم ہیں ہمیں وطن کی مٹی کی کتنی قدر ہے یہ ہم ہی محسوس کر سکتے ہیں ۔ پاکستان کو قدرت نے بیش بہا خزانے عطا کر رکھے ہیں مگر اسکے باوجود ہم بیرون ملک رہنے پر مجبور ہیں ۔ اب امید کی کرنیں پھوٹی ہیں جو روشن صبح میں بدل جائے گی جو دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کو دنیا کے افق پر نمایاں کر دے گی ۔ حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی فتح کے بعد ساری دنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ دنیا کو معلوم ہے کہ پاکستانی وہ قوم ہے جو سب کچھ کر سکتی ہے اور اب انہیں یہ موقع میسر آگیا ۔ احمد بشیر نے اپنے خطاب کے اختتام سے قبل حاضرین کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ  صبح آزادی میں جس طرح بیرون ملک مقیم پاکبانوںکا حصہ تھا اسی طرح اب اس صبح کو روشن تر بنانے کیلئے ہمیں اور زیادہ محنت کرنا ہوگی ۔ تقریب کے اختتام سے قبل صدر محفل معرو ف پاکستانی سرمایہ کا ر چوہدری شفقت محمود نے اپنے خطاب میں حاضرین کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا موجودہ انتخابات کے حوالے سے میں یہ کہوں گا کہ پاکستان اور بیرون  پاکستان  جہاں جہاں بھی گیا  میں نے سب کی آنکھوں امید کی کرنیں دیکھی ہیں جن میں واضح طور پر روشن پاکستان کا تصور بہت واضح تھا ۔ حالیہ انتخابات میں جو تبدیلی آئی ہے میں دعا گو ہوں کہ اہل وطن کی آرزو اور امید یں پوری ہوں اور جس آس نے ہمیں یہ منزل دکھائی اب وہ آس حقیقت کا روپ دھارلے تاکہ قوم جو برسوں کی پیاسی ہے وہ سیراب ہو سکے ۔ چوہدری شفقت محمود نے مزید کہا انتخابات میں تحریک انصاف تو فتح یاب ہو گئی مگرقوم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر سکے جس مقصد کیلئے عوام نے انہیں منتحب کرکے مسند اقتدارپر بٹھایا ہے وہ حاصل کیاجاسکے ۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی رقوم بینکوں کے ذریعے بھیجیں تاکہ ملک میں زر مبادلہ کا اضافہ ہو ۔ یہ حقیقت ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم وطن اور اسکے مقصد سے مخلص ہیں ۔ تقریب میں شریک کم سن بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلوز بھی پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا ۔ تقریب میں عدنان ، عمران قریشی ، عمر فاروق ، نعیم سندھی ، کے علاوہ پشتو فنکاروں نے ملی نغمے گا کر محفل کو خوب گرمایا ۔ تقریب میں یوم پاکستان کے حوالے سے جدہ میں مقیم یحیی اشفاق کی دستاویزی فلم کی بھی نمائش کی گئی جس میں انہوں نے سمندر کی گہرائی میں پاکستانی پرچم لہرایا اور پی ٹی آئی کی انتخابات میں فتح پر عمران خان کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب میں شریک خواتین کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا جہاں یوم پاکستان کے حوالے سے الگ کیک کاٹا گیا ۔ تقریب کے انتظامات میں پی ٹی آئی خواتین ونگ نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
مزید پڑھیں:- - - - -پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب

شیئر: