Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے حج کا عمل آسان اورآرام دہ بنادیا، فواد خان

اسلام آباد ..... پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے حج کا عمل آسان اور آرام دہ بنادیا۔ 36سالہ پاکستانی اداکار و گلوکار امسال فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ کر پاکستانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے حج کے دوران غیر معمولی اجتماع کو کنٹرول کرنے اور جم غفیر کے قافلوں کو رواں دواں رکھنے میں سعودی عرب کی مثالی کارکردگی پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ فواد خان نے کہاکہ سعودی عرب نے حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت کیلئے اپنے جملہ وسائل وقف کردیئے۔ حج ہر مسلمان کی آرزو ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو ارض مقدس سے دور رہتے ہیں جنہیں سفر حج کیلئے طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں وہ لوگ جو تھکاوٹ سے ڈرتے ہیں ایسے لوگ ارض الحرمین پہنچتے ہی راحت محسوس کرنے لگتے ہیں۔ مملکت کے تمام سرکاری ادارے ایئرپورٹ سے لیکر ایئرپورٹ تک ایک ٹیم کی طرح حجاج کی خدمت میں لگ جاتے ہیں۔ فواد خان نے کہاکہ انہوں نے امسال اپنی بیوی کے ہمراہ پہلا حج کیا۔ انہیں خوشی ہے کہ وہ امسال لاکھوں حجاج میں شامل تھے۔ فواد خان نے کہا کہ یہ احساس آپ کو بے نظیر سکون بخشتا ہے۔ یہ سکون آپ کو دنیا کے کسی بھی علاقے میں جانے سے نصیب نہیں ہوگا۔ خان نے کہا کہ جب لوگ کثیر تعداد میں موج رواں کی طرح نکلتے تھے تو مجھے ان پر پیار آتاتھا اور انکے لئے میرے دل میں ہمدردی اور چاہت کے جذبات ابھر آتے تھے۔ فواد خان نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی اور کامیاب منصوبہ بندی نے حجاج کے قافلوں کو منظم اور رواں دواں رکھنے میں شاندار کردا ر ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حج مقامات پر عظیم الشان خدمات کا مشاہدہ کیا تو بحیثیت مسلم انسان کے میرے اندر فخر و ناز کے جذبات پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ضیوف الرحمن کی خدمت کیلئے ایک طرف تو اربوں ڈالر خر چ کررہا ہے تو دوسری جانب ہزاروں سعودیو ں کو ان کی خدمت پر مامور کئے ہوئے ہے۔ فواد خان نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے اپنے بچپن کا کچھ حصہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں گزارا ہے۔ انہیں مملکت میں قیام کے دوران ہمیشہ راحت کا احساس رہا۔
 

شیئر: