Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری انڈیا کی ہے، پاکستانی وزیر اطلاعات

اہم نکات:
  • امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں تعاون کی پیشکش
  • پاکستان کی کارروائی ابھی بھی دفاعی ہے: اسحاق ڈار
  • جی سیون ممالک کا پاکستان اور انڈیا سے ’کشیدگی میں کمی‘ پر زور
  • ’پاکستان نے انڈیا کے سات فوجی سیٹلائٹس کو جام کر دیا‘

کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری انڈیا کی ہے، پاکستانی وزیر اطلاعات
پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انڈیا کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے کسی شہری آبادی پر کوئی حملہ نہیں کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں پاکستانی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ’پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کا استعمال کرتے ہوئے انڈیا کی فوجی تنصیبات اور ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے۔‘
عطااللہ تارڑ سے پوچھا گیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے اُن کا ملک کیا کرے گا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’پاکستان نے چار دنوں تک بہت زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا، انڈیا نے جارحیت کی ہے اس کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔ کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری انڈیا کی ہے۔‘

صدر آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوان صدر میں ملاقات

انڈیا کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے درمیان پاکستان کے وزیراعظم اور صدر کی ملاقات میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ پر گفتگو کی گئی ہے۔
ایوان صدر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صدر مملکت نے انڈیا کی بلااشتعال جارحیت اور میزائل حملوں کا منہ توڑ جواب دینے پر ملک کی مسلح افواج کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔‘
بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
ادھر پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر گفتگو میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی صورت میں جوابی کارروائی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔‘

انڈیا رکتا ہے تو ہم بھی رک جائیں گے، لیکن اجارہ داری قبول نہیں کریں گے: اسحاق ڈار

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’انڈیا کو کچھ سمجھ بوجھ ہوئی تو وہ رک جائیں گے اور ہم بھی رک جائیں گے۔ ہم امن چاہتے ہیں لیکن کسی کی اجارہ داری قبول نہیں کریں گے۔‘
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ کشیدگی کم کریں کیونکہ یہ دو ایٹمی طاقتیں ہیں۔ ہم سے کہا گیا کہ سیز فائر کر دیں تو میں نے کہا کہ یہ ون وے جنگ چل رہی ہے اور ہم نے تو ابھی کچھ کیا ہی نہیں۔‘
ان کے مطابق ’امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہاٹ لائن پر آرمڈ فورسز  کا رابطہ ہونا چاہیے اور ہم نے مثبت جواب دیا۔ اس کے بعد دونوں اطراف سے پیغامات دیے گئے ہیں۔‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلفیون پر رابطہ کیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کو گزشتہ رات انڈیا کے حملوں اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے بے گناہ انسانی جانوں کے ضائع ہونے پر تعزیت کرتے ہوئے پاکستان کے تحمل اور جوابی طور پر نپے تلے اقدامات کو سراہا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔

انڈیا نے بین الاقوامی طاقتوں کو بتایا کہ وہ کشیدگی کم نہیں کرنا چاہتے: پاکستانی وزیر دفاع
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انڈیا نے بین الاقوامی طاقتوں کو بتایا ہے کہ وہ کشیدگی کم نہیں کرنا چاہتے۔
سنیچر کی دوپہر انہوں نے کہا کہ انڈیا سے بات چیت تب ممکن ہے جب بیرونی طاقتوں کی جانب سے لکھ کر دیا جائے۔
پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ اس لڑائی کے اگلی سطح پر پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔ ’براہ راست بات چیت میں بھی اور بین الاقوامی طاقتوں کو بھی انڈیا نے کہا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم نہیں کرنا چاہتے۔‘ 
پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔
اس سے قبل ریڈیو پاکستان نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔

امریکہ کے بعد چین کی پاکستان اور انڈیا کو تحمل سے کام لینے کی اپیل

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ لڑائی میں اضافہ نہ کریں۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہم پاکستان اور انڈیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن و استحکام کو ترجیح دیں، تحمل کا مظاہرہ کریں، پرامن طریقے سے سیاسی حل کی طرف واپس آئیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔‘

امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں تعاون کی پیشکش

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کی آرمی چیف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور مستقبل میں تنازعات سے بچنے کے لیے تعمیری مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی۔

’پاکستان نے انڈیا کے سات فوجی سیٹلائٹس کو جام کر دیا‘

پی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت نہ صرف زمینی اور فضائی حملہ شروع کیا ہے بلکہ خلا اور سائبر سپیس پر بھی مکمل سپیکٹرم حملہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان نے جدید ترین الیکٹرانک جنگی نظام کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے سات انڈین فوجی سیٹلائٹس کو کامیابی سے جام کیا۔
ان سیٹلائٹس میں آئی ایس آر (انٹیلی جنس، نگرانی، جاسوسی) شامل ہیں۔ نیویگیشن اور جی پی ایس سیٹلائٹ درست حملوں کے لیے اہم ہیں۔ اس کے علاوہ انڈین فضائیہ اور بحریہ کے ذریعے استعمال ہونے والے مواصلاتی سیٹلائٹس کو جام کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ انڈین ڈرون، کروز میزائل، اور میدان جنگ میں مواصلاتی نظام رہنمائی سے محروم ہو گیا ہے۔

پاکستان نے بی جے پی سمیت متعدد انڈین ویب سائٹس کو ہیک کرلیا: سرکاری ذرائع

پی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی ایلیٹ سائبر کمانڈ نے انڈیا پر ڈیجیٹل اسٹرائیک میں متعدد حکمران جماعت بی جے پی سمیت کئی ویب سائٹس کو ہیک کیا ہے۔
بیان کے مطابق 1744 ویب سرورز کو ختم کیا گیا، انڈین حکومت کے 15 ای میل سرورز ہیک کیے گئے، 13 سرکاری پورٹلز بند ہو کیے گئے۔ انڈین ریلوے، دہلی گیس اور کشمیر الیکٹرک کے سسٹم کو غیر فعال کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ 25 سو سی سی ٹی وی کمیروں کو بھی ہیک کیا گیا۔

پاکستان کی کارروائی ابھی بھی دفاعی ہے: اسحاق ڈار

پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی کارروائی ابھی بھی دفاعی ہے، یہ اوفینسو نہیں ڈیفینسو کارروائی ہے۔‘
سنیچر کی صبح جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنے جو دفاع کے طور پر جو کچھ اس وقت کر رہے ہیں اور جو کچھ اپ دیکھ رہے ہیں وہ اپنے دفاع میں کر رہے ہیں، کیونکہ انڈیا باز ہی نہیں آ رہا اور تین دن سے اس نے تماشہ لگایا ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس علاقے میں انڈیا کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دیں گے۔‘

جی سیون ممالک کا پاکستان اور انڈیا سے ’کشیدگی میں کمی‘ پر زور

جی سیون ممالک کے گروپ نے پاکستان اور انڈیا سے ’کشیدگی کم کرنے‘ اور ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ سے کام لینے پر زور دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جی سیون ممالک کے وزرا خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مزید کشیدگی خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’دونوں اطراف کو پرامن حل کے لیے براہ راست مذاکرات کرنے چاہییں۔‘

آپریشن بنیان مرصُوص، سائبر اٹیک کے ذریعے انڈیا کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ ناکارہ

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے آپریشن بنیان مرصُوص کے تحت سائبر اٹیک کے ذریعے انڈیا کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ کو ناکارہ کر دیا ہے۔

رحیم یار خان: شیخ زید ائیرپورٹ پر ڈرون حملہ ناکام

رحیم یار خان میں شیخ زید ائیرپورٹ کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔
 ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کے مطابق سکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے ڈرونز کو گرا دیا گیا۔
ان کے مطابق ڈرونز حملے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔


 

شیئر: