دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے قائد اور انکے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ، تعزیتی اجلاس سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئر مین چوہدری اکرم کی صدارت میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا ۔ شرکاءکا کہنا تھا کہ سابق خاتون اول جماعت کا قیمتی سرمایہ تھا ۔ انکی رحلت ہمارے لئے بڑا صدمہ ہے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے قائد کے ساتھ ہیں ۔ چوہدری اکرم کا کہنا تھا کہ متوفیہ کی بلندی درجات کےلئے دعا گو ہیں ۔ انہوںنے اس مشکل وقت میں جماعت کی قیادت سنبھالی جب میاں صاحب پر پابندیاں عائد تھیں ۔ کلثوم نواز نے جس طرح مشکل حالات میں جماعت کو اکٹھا کیا اس سے انکی مثالی شخصیت کی بخوبی عکاسی ہو تی تھی ۔ سابق خاتون اول نے ہمیشہ میاں صاحب کا ساتھ نبھایا اور ہمیشہ انکا حوصلہ بلند رکھا جس سے جماعت متحد رہی ۔ کلثوم نواز کی رحلت ہم سب کےلئے باعث رنج و الم ہے ۔ مسلم لیگ ( ن) کے رہنما ملک محی الدین کا کہنا تھا کہ محترمہ کلثوم نوازکی رحلت سے ہر دل غمگین ہے ۔ دکھ کے ان لمحات میں ہم شریف خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ محترمہ کلثوم نوازکے پیش نظر ہمیشہ ملک کا استحکام تھا ۔ مسلم لیگ کا ہر کارکن اپنی قائد کے لئے غمگین ہے ۔ تعزیتی اجلاس میں صدر پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب ملک منظور حسین اعوان،جنرل سیکرٹری چوہدری عنایت حسین جاڑا ،سینئر نائب صدر چوہدری عبدالوحید، سینئر رہنما چوہدری اعظم،صدر جدہ ملک سجاد،جنرل سیکرٹری عرفان سدرہ،رانا رضوان اور دیگر بھی شامل تھے۔ شرکاءکا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم شریف خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔اہل پاکستان ایک اہم اوربہادر خاتون رہنماسے محروم ہو گئے۔ بیگم کلثوم نواز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔