Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈی پولیس افسر کو کار سے کھینچ کر سڑک پر پٹخنے والے کو 14سال سزائے قید

لندن- -  -عدالت نے پولیس افسر پر حملہ اور اسے کار سے کھینچ کر باہر سڑک پر پھینک دینے والے مسلح ڈاکوکو 14سال کی سزائے قید سنا دی ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ یہ واقعہ مقامی ٹیسکو ایکسپریس کے قریب پیش آیا تھااور اس حوالے سے آس پاس لگے ہوئے خفیہ کیمروں میں جو تصویریں محفوظ ہوئیں اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ 29سالہ مجرم او این اسمتھ نے نوجوان لیڈی پولیس افسر ایلی ینگ کو جو پولیس کی پٹرول کار میں ڈیوٹی پر جا رہی تھی کسی بہانے سے روک کر اسے کار کے اندر سے کھینچ نکالا اور پھر سڑک پر پھینک دیا۔لیڈی پولیس افسر نے مجرم کے حملوں اور ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد بھی کی جس کے نتیجے میں اس کے بازو ، ٹانگ ، کاندھے اور گردن پر زخم آیاہے ۔ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ زخمی ہونے کے باوجود ایلی ینگ نے اپنی جدوجہد جاری رکھی ۔ ویڈیو سے یہ بھی نظر آتا ہے کہ ایک دوسرا پولیس اہلکار اتفاقاً ادھر سے گزرا اور اس نے اپنے ساتھی کی مدد کی ۔ بدمعاش پر قابو پایا اور اسے گرفتار کر لیا ۔ گرفتاری کے بعد مجرم کے بارے میں جب چھان بین ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ بے گھر ہے اس کا کوئی مستقل پتہ نہیں ہے اور اس سے قبل بھی ایک پولیس کانسٹیبل پر حملہ کر چکا ہے ۔ مجرم کے پاس سے بیس بال کا ایک بلا بھی ملا جسے بالعموم بدمعاشوں کا گروہ پولیس گاڑیوں پر حملے ، ڈکیتی کی وارداتوں اور دوسرے جرائم کے موقع پر بالعموم استعمال کرتا ہے ۔ سسیکس پولیس کا کہنا ہے کہ مجرم کو ہوف کرون کورٹ نے 14سال کی سزائے قید کا حکم سنا دیا ہے ۔ واقعہ میں زخمی ہو جانیوالی پولیس اہلکار کی مرہم پٹی کر دی گئی ہے اور پولیس ذرائع کے مطابق وہ جلد صحتیاب ہو جائے گی ۔
 
مزید پڑھیں:- -  - -جاپانی شہزادی کی عام آدمی سے شادی کرنے پرشاہی حیثیت ختم

شیئر: