Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت تارکین کو جائیداد کی خریداری پر ٹیکس سے استثنا ء دے ، مقررین

بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے بچوں کی فیس ڈالرمیں لینا انصاف نہیں ،قونصلیٹ جدہ کے ہیڈ آف چانسلری کے دورہ عسیرکے موقع پر کمیونٹی کا اظہار خیال
جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
    اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی ایڈوائزری کونسل کے رکن اور پاکستان ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر محمد جمیل مغل نے قونصلیٹ جدہ کے ہیڈ آف چانسلری عاطف ڈار کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں ڈاکٹرز فورم کے عہدیداران، ممبران کے علاوہ بزنس کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر جمیل مغل نے معزز مہمان کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ ڈاکٹر جمیل مغل نے کمیونٹی کے مسائل سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کیلئے ملک کی جامعات اور یونیورسٹیز میں 5فیصد کوٹہ مختص کررکھا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ جو فیس ڈالروں میں لی جارہی ہے یہ ناانصافی ہے، اس پر نظرثانی کی جائے ۔ جب یہ داخلے سمندر پاکستانیوں کے بچوں کیلئے مختص نشستوں پر دیئے جاتے ہیں توپھر فیس ریگولر لی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ غیر ممالک سے بھیجے گئے زرمبادلہ سے خریدی گئی پراپرٹی پر ٹیکس کی چھوٹ ہونی چاہئے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو بھیجی گئی رقوم کی بناء پر انکم ٹیکس ریٹرن بھرنے اور فائلر بننے کا حق بھی دیا جائے۔ وزٹ ویزا فیس میں کمی کیلئے حکومت کو کوشش کرنی چاہئے تاکہ سمندر پار پاکستانی اپنی فیملی کو وزٹ ویزے پر بلاسکیں۔ پاکستانی وزٹ ویزا فیس 2ہزار ریال میں حاصل کررہے ہیں۔ جازان سے آئے ہوئے او پی ایف ایڈوائزری کونسل کے ممبر امیر خان شیروانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جمیل کے خیالات سے متفق ہوں۔ ہمارے مسائل بھی یہی ہیں۔ میں بھی حکومت سے اپیل کرونگا کہ وہ ان مسائل پر توجہ دے۔معزز مہمان عاطف ڈار نے ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل ، امیر خان شیروانی اور دیگر حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ جدہ میں بلا امتیاز مسائل حل کئے جاتے ہیں۔ قونصلیٹ کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی دیار غیر میں اپنے اخلاق اور کردار سے ملک کا نام روشن کریں۔ آپ حسن سلوک اور اتفاق سے رہیں۔ سیاسی سرگرمیوں سے پرہیز رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے مسائل او پی ایف اور حکومت کو بھیجے جائیں گے۔ موجودہ حکومت اووسیز پاکستانیوں کے مساـئل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے نئی پالیسی کا اعلان بھی کیا ہے۔  تقریب میں جاوید چوہدری ، ملک مظفر اعوان، فاروق بٹ ، اویس رائو، مبارک چوہدری، ڈاکٹر عامر عطا، ڈاکٹر توصیف ، محمد ضیاء، ڈاکٹر محمد نعیم اور دیگر نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:- - - - -پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ منگل کو بند رہیں گے

شیئر: