Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت متعدد شہروں میں طوفانی بارش

 نشیبی علاقو ں میں بلدیہ اور شہری دفاع کے ہنگامی اقدامات ، بلدیہ کی ٹیمیں نکاسی آب میں مصروف رہیں ، تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ، روایتی مارکیٹوں میں پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا
جدہ ، مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ ( ارسلان ہاشمی ) مملکت کے متعدد شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جدہ اور مکہ مکرمہ میں بدھ کی صبح ہونے والی بارش سے نظام زندگی جزوی طور پر متاثر ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے جدہ سمیت مملکت کے متعدد شہروں میں بارش کا زور رہے گا ۔ اس حوالے سے شہری دفاع نے ان علاقوں میں جہاں برساتی پانی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے خصوصی انتظامات کئے تاہم جدہ کے بعض علاقوں میں طوفانی بارش سے متعدد سڑکوں پر پانی بھر جانے کے باعث لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر کے متعدد انڈرپاسز کو جن میں پانی بھر گیا تھا عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ بدھ کی صبح ہونے والی بارش کے باعث بیشتر طلباءاسکول نہ جاسکے ۔ بعض اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے طلباءکے والدین کو بارش کے فوری بعد اسکول بند ہونے کے پیغامات ارسال کئے گئے جبکہ وہ اسکول جو پیغام ارسال نہ کر سکے وہاں جب بعض طلباءپہنچے توانہیں معلوم ہوا کہ اسکول بارش کی وجہ سے بند ہے ۔ جدہ کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مشرقی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ۔ شہری دفاع کی جانب سے متعدد انڈرپاسز کو پانی بھر جانے کے باعث بند کرنا پڑا ۔ فلسطین روڈ کراسنگ کے ا نڈر پاس پر شہری دفاع نے پانی کی نکاسی کےلئے ہیوی ڈیوٹی سکشن پمپس نصب کر رکھے تھے جن سے جمع ہونے والے پانی کو باہر پھینکا جاتا رہا ۔ موسلادھار بارش کے باعث شہر کے متعدد ٹریفک سگنلز بھی خراب ہو گئے جس سے ٹریفک اہلکاروں کو ڈیوٹی پر متعین کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رہے ۔ صبح کے وقت ہونے والی بارش سے جہاں طلباءکو دشواری کا سامنا کرنا پڑا وہاں اکثر دفاتر میں بھی حاضری کم رہی ۔ شہر کے قدیم علاقے میں روایتی مارکیٹوں کے باہر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس ضمن میں بلدیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی ٹیموں کو 1621 مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں ۔ عام شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جن میں 166اہم شاہراہیں جبکہ 154 ذیلی سڑکیں شامل ہیں جہاں بلدیہ کی ٹیموں نے ہیوی سکشن پمپس کی مدد سے پانی نکالا اور سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ہونے والی بارش میں جدہ کے مختلف علاقوں سے 93 ہزار کیوبک میٹر پانی نکالا گیا ۔ شہر کے قدیم اور نشیبی علاقوں میں زیر آب آنے والی شاہراہوں پر متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جن کی وجہ سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر کے انڈر پاس بندہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ۔ دوسری جانب مکہ مکرمہ اور گرد ونواح میں بھی بدھ کو بارش کی وجہ سے بعض نشیبی علاقو ںمیں پانی کھڑا ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ 

شیئر: