Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے شیریں مزاری کا نیا فارمولا

اسلام آباد..وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے ایک ماڈل بنایا ہے۔ تنازع کا حل شمالی آئرلینڈ اور برٹش طرز پر ہے۔ سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کبھی اس سطح کی کوشش نہیں کہ جس سطح کی ہونی چاہئے تھی۔ کشمیر میں خواتین کے حقوق کی پامالیوں پر کبھی یو این ایچ سی آر کا دروازہ کھٹکھٹایا؟ کیا بچوں پر پیلٹ گنز کے استعمال پر عالمی اداروں کا دروازہ کھٹکھٹایا؟ یو این ایچ سی آر کی رپورٹ کے بعد کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا ۔اگر اقوام متحدہ مشرقی تیمور میں رائے شماری کراسکتا ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں۔شیری مزاری نے کہا کہ کشمیری نسل در نسل آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اب ہمیں بیانات اور تقریروں سے آگے نکل جانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے شمالی آئرلینڈ اور برٹش طرز پر ماڈل بنایا ہے۔ اس کے تحت پاکستان اور ہند کے درمیان مذاکرات کا آغازکیا جائے اسی ماڈل کے تحت تمام گروپس کے ساتھ مذاکرات شروع کئے جائیں کہ اقوام متحدہ رائے شماری کے لئے کشمیریوں کی رجسٹریشن کرے اور خود اس کی مانیٹرنگ کرے۔شیریں مزاری نے کہا کہ رائے شماری کے لئے اقوام متحدہ حد بندی کرے اور کشمیرکو غیر فوجی علاقہ قرار دیا جائے۔
 

شیئر: