Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان مرکز کی جانب سے کشمیر کے چھ ہزار متاثرہ خاندانوں میں فوڈ پیکیجز تقسیم

امدادی مرکز نے سامان 10 اضلاع میں تقسیم کیا (فوڈ: کنگ سلمان مرکز)
کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں قدرتی آفات سے متاثرہ چھ ہزار خاندانوں میں فوڈ پیکیج کی تقسیم مکمل کر لی گئی ہے۔
کنگ سلمان امدادی مرکز نے سامان 10 اضلاع میں تقسیم کیا۔
مظفر آباد میں 325، وادی جہلم 542، وادی نیلم 433، کوٹلی 796، بھمبر 281، میر پور 250، سدھنوتی 1040، پونچھ 1073، حویلی 934 اور باغ میں 326 فوڈ پیکیج تقسیم کیے گئے۔
ہر فوڈ پیکیج کا وزن 95 کلوگرام ہے جس میں 80 کلو آٹا، پانچ لیٹر کوکنگ آئل، پانچ کلو چینی اور پانچ کلو دال چنا شامل ہیں۔
انسانی ہمدردی کی یہ امدادی سرگرمی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر اور حیات فاؤنڈیشن کے قریبی اشتراک سے انجام دی گئی تاکہ امداد کی فراہمی کو بروقت شفافیت کے ساتھ متاثرہ خاندانوں تک  پہنچایا جا سکے۔
اس اقدام سے براہ راست 41121 سے زائد افراد مستفید ہوئے جو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں رہنے والے متاثرین کی بحالی کے لیے کنگ سلمان ریلیف مرکز کے مضبوط عزم کا عکاس ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کشمیر سردار وحید نے کنگ سلمان ریلیف اور مملکت سعودی عرب کا بروقت اور فراخدلانہ تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مظفرآباد میں امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی، جو کنگ سلمان ریلیف سینٹر اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی حکومت کے درمیان مضبوط تعاون کی عکاسی کرتی ہے اور اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ متاثرین تک امدادی سامان کی فراہمی ہے۔

 

شیئر: