Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر وہ سکہ جو میں نہ خرید سکا۔۔‘، ارسلان ایش چھٹی مرتبہ ایوو ٹیکن چیمپئن بن گئے

ارسلان نے پاکستانی ہم وطن عاطف بٹ کو مقابلے میں ہرا کر چھٹی مرتبہ ایوو ٹائٹل اپنے نام کیا۔ (فوٹو: Evolution Championship Series)
ریڈ بُل گیمنگ پلیٹ فارم کے مطابق پاکستان کے معروف ٹیکن کھلاڑی ارسلان ’ایش‘ صدیقی نے چھٹی مرتبہ ایوولیوشن چیمپئن شپ سیریز میں ٹیکن 8  کا گیمنگ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔
ارسلان صدیقی نے امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والے اس عالمی شہرت یافتہ ای سپورٹس ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ہم وطن کھلاڑی عاطف بٹ کو شکست دی۔
یہ ٹورنامنٹ ٹیکن ورلڈ ٹور اور ای سپورٹس ورلڈ کپ کوالیفائرز کا حصہ تھا، جس میں دنیا بھر سے 2,500 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ریڈ بُل گیمنگ نے ارسلان کی فتح کے آخری لمحات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’چھ۔ بار ایوو چیمپیئن۔‘
یہ تاریخی لمحہ ایوو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔
ساتھ ہی ساتھ اپنی جیت پر ارسلان نے ایکس پوسٹ میں لکھا ’ہر وہ سکہ جو میں نہیں خرید سکا... اسی نے اس چھ بار ایوو چیمپیئن بننے کے لمحے کو اور بھی خاص بنا دیا۔‘
ارسلان صدیقی کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔ انہوں نے آٹھ برس کی عمر میں پاکستان کے گیمنگ آرکیڈز میں کھیلنا شروع کیا اور نوعمری ہی میں مقامی گیمنگ حلقوں میں ایک مشہور نام بن چکے تھے۔
گزشتہ برسوں میں پاکستان نے خاص طور پر ٹیکن کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
مارچ میں پاکستانی ٹیم نے سیول میں ایک خصوصی ٹیکن 8 ایونٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کی، جس نے جنوبی کوریا کی طویل عرصے سے قائم برتری کا خاتمہ کیا۔
طویل عرصے تک جنوبی کوریا ٹیکن کے مقابلوں میں نمایاں رہا، لیکن ارسلان صدیقی کے عالمی سطح پر ابھرنے اور مسلسل کامیابیوں نے عالمی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے۔
جولائی 2023 میں وہ پاکستانی ٹرائیو (تین رکنی ٹیم) کا حصہ تھے جس نے ریاض میں ہونے والے نیشنز کپ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ پہلا مختلف ممالک پر مبنی ٹیکن ٹورنامنٹ تھا جس میں پاکستان ناقابلِ شکست رہا۔
اگست 2023 میں ارسلان صدیقی ٹیکن 7 کا ٹائٹل چار بار جیتنے والے پہلے پروفیشنل گیمر بنے اور سیول میں منعقدہ اپ رائزنگ کوریا 2023 ٹورنامنٹ بھی اپنے نام کیا۔
حالیہ برسوں میں ارسلان نے متعدد ایوو ٹائٹلز جیتے ہیں، جن میں ایوو لاس ویگاس 2019، 2023، 2024 اور ایوو جاپان 2019، 2023 شامل ہیں۔
یہ فتوحات أرسلان کو ٹیکن کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کرتی ہیں۔
 

شیئر: