Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرد موسم میں ایڑیوں کو پھٹنے سے کیسے بچائیں ؟ ‎

سردیوں میں جلد کا خشک ہونا اور ایڑیوں کا پھٹنا ایک معمول کی بات ہے ۔ پھٹی ایڑیاں تکلیف کا سبب بھی بنتی ہیں اور بدنما بھی محسوس ہوتی ہیں ۔ ایڑیوں کو پھٹنے سے بچانے کے لئے اور جلد کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے حفاظت اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اگر آپ کی ایڑیاں زیادہ پھٹی ہوئی ہیں تو ہفتے میں دو مرتبہ نیم گرم پانی میں دو چمچے سرکہ اور بغیر بالائی والا دودھ ملائیں اور اس پانی میں پندرہ منٹ تک پاؤں ڈبو کر رکھیں پھر کسی پتھر یا فائلر سے ایڑیوں کو آہستہ آہستہ رگڑنے کے بعد تولیے سے خشک کر لیں ۔ اس کے بعد ایڑیوں پر اچھی طرح سے پٹرولیم جیلی لگائیں ۔ کوشش کریں کہ یہ عمل رات کو سونے سے پہلے دوہرائیں ۔ 
شہد جلد کی نمی بحال کرنے کے لئے بے حد مفید ہے ۔ یہ نہ صرف جلد کی رونق کو بحال کرتا ہے بلکہ پھٹی جلد کو ٹھیک کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔ گرم پانی میں شہد مکس کریں اور دونوں پاؤں کو اس میں ڈبو دیں اور نرمی سے متاثرہ جلد کو رگڑیں ۔ شہد جلد کی قدرتی نمی بحال کرنے میں معاون ثابت ہو گا ۔ اس کے علاوہ ایڑی کی پھٹی ہوئی جلد کے درمیانی حصے میں  مٹی جمنے اور گیلے پن سے بچائیں کیونکہ وہاں موجود سیلن مختلف قسم کے انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے ۔ ہلدی کا لیپ بھی پھٹی ایڑیوں کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ آدھے کپ کچے دودھ میں ایک چمچ ہلدی شامل کرلیں اور اچھی طرح مکس کرکے آمیزہ بنالیں ۔ اس آمیزے سے پیروں اور ایڑیوں پر بیس منٹ تک مساج کریں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔ کچھ دن روزانہ یہ عمل دہرانے سے پیروں کی رنگت نکھرنے لگے گی اور ایڑیوں کے پھٹنے جیسے مسائل سے بھی نجات ملے گی ۔
 

شیئر: