Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ بہار میں مدارس کو مالی امداد فراہم کریگی، مانو اور عالمی ادارے میں معاہدہ

    حیدرآباد۔۔۔۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور اقوام متحدہ آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) کے درمیان بہار کے دینی مدارس میں تعلیمی منصوبوں پر اشتراک کا فیصلہ کیا گیا ۔ عالمی ادارے کی شاخ، بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ اور محکمہ تعلیم، حکومت بہار کے تعاون سے نوعمر طلباء کا تعلیمی پروگرام (اے ای پی) شروع کر رہی ہے۔ پروجیکٹ کے ذریعہ مدارس کی وسطانیہ سطح (6 تا 8و یں جماعت) میں زیر تعلیم نوجوان طلباءکی تربیت، صلاحیت میں اضافہ اور تاحیات روزگار کے قابل بنایا جاسکے گا۔ ابتدا میں اس پراجیکٹ کی مدت ایک سال ہوگی اور اس کے لیے 1,11,595 امریکی ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں اردو یونیورسٹی ایک اہم شراکت دار ہے اور اسے رابطہ کار اساتذہ کی تربیت، معاون نگرانی اور عمل آوری تحقیق کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس ضمن میں 11 جنوری جمعہ، صبح ساڑھے10 بجے یونیورسٹی کے کانفرنس ہال، عمارت انتظامی میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ عالمی ادارے کے آبادی فنڈکے قومی نمائندہ ڈاکٹر وینکٹیش سرینواسن، پٹنہ نمائندہ ڈاکٹر ندیم نور، بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ کے صدر اختر پرویز اور ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں پروجیکٹ منصوبہ بندی اور عملدرآمدکے سلسلے میں 10 تا 11 جنوری ہمہ فریق اجلاس و ورکشاپ منعقد کیا جائے گا۔ یواین ایف پی اے، بہار مدرسہ بورڈ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نمائندے شرکت کریں گے۔  اس پراجیکٹ کے تحت بہار کے پورنیہ ڈویژن میں وسطانیہ سطح کے تمام مدارس تک رسائی کی کوشش کی جائے گی۔ ڈویژن کے چار اضلاع کشن گنج، ارریہ، پورنیہ اور کٹیہار میں جملہ 757 مدارس کا احاطہ کیا جائے گا۔ پورنیہ ڈویژن میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے اور اس کا شمار بہار کے نہایت پسماندہ علاقوں میں کیا جاتا ہے۔ ان چاروں اضلاع کو سیمانچل بھی کہا جاتا ہے۔ پراجیکٹ میں تربیت اور اضافہ صلاحیت سے متعلق امور کا احاطہ پروفیسر فیض احمد، پرنسپل سی ٹی ای دربھنگہ کریں گے۔ عمل آوری تحقیق کی نگرانی ڈاکٹر ایم ونجا، شعبہ تعلیم و تربیت مانو کریں گی۔
مزید پڑھیں:- - - - -شولا پور :وزیر اعظم نے کیا رہائشی منصوبوں کا افتتاح اور ریلی سے خطاب

شیئر: