Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باصلاحیت ہنرمندوں کو غیر ملکیوں کی جگہ بھرتی کرنے کیلئے اعلیٰ ادارے کا قیام

ریاض۔۔۔ باصلاحیت سعودی ہنرمندوں کو غیر ملکیوں کی جگہ بھرتی کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کے ادارے کا قیام عمل میں آگیا ہے ۔ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل سعودی نوجوانوں کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے کیلئے قائم ہونے والا ادارہ خود مختار ہوگا یہ تنظیمی طور پر ایوان شاہی کو براہ راست رپورٹ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہیومن ریسورسز ، ریسرچ اور ڈولپمنٹ آفس قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کا صدر دفتر ریاض میں ہوگا اور مملکت کے مختلف شہروں میں شاخیں کھولی جائیں گی۔ ادارے کا بنیادی مقصد باصلاحیت سعودی نوجوانوں کو تلاش کرکے انہیں اعلیٰ ترین کورسز سے گزار کر لیبر مارکیٹ کیلئے تیار کرنا ہے۔ نجی اداروں کے اعلیٰ عہدوں کے علاوہ حساس مراکز پر فائز غیر ملکیوں کی جگہ ان نوجوانوں کو بھرتی کرنا ہے۔ لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کا جائزہ لینا ہے ۔ وقت کی ضرورت کے مطابق ریسرچ کرنی ہے ۔ نوجوانوں کو فنی تربیت کے علاوہ مناسب مشورے دینے ہیں۔ ادارے کے بنیادی مقاصد میں سے ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ملک بھر میں غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کا ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو جدید ترین کورسز سے گزار کر ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ حکومتی اداروں میں ملازمین کی کارکردگی پر نگاہ رکھنا ہے ۔ قائدانہ مناصب کی مختلف مراحل میں تعیناتی پر نگاہ رکھنا ہے۔ مختلف مقاصد کے حصول کیلئے ادارہ اس شعبے سے وابستہ عالمی اداروں کی خدمات بھی حاصل کرے گا۔ نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کرے گا۔ 
 

شیئر: