Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام حکومت تلنگانہ کی مراعات اور اسکیموں سے فائدہ اٹھائے،عرفان کریم

 تعلیم ، سلائی سنٹرز  اور دیگر بے شمار شعبوں میں حکومت نے اقلیتوں کو مراعات دی ہیں، صدر  فیڈریشن آف انڈین مسلم ایسوسی ایشن کا اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب
 
رپورٹ و تصویر ۔ امین انصاری ۔ جدہ
    حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کیلئے بے شمار اسکیموں اور مراعات کا اعلان کیا گیا ہے ۔  قوم کو چاہئے کہ ہم ان اسکیموں سے  فائدہ اٹھائیں۔تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی تمام تنظیموں کے سربراہان کو چاہئے کہ وہ فلاحی کاموں کو  چندے سے کرنے کے بجائے حکومتی اقلیتی  بجٹ کے تحت کریں  ۔ ان خیالات کا اظہار کویت سے آئے ہوئے مہمان عرفان کریم صدر  "فیڈریشن آف انڈین مسلم ایسوسی ایشن " نے اپنے اعزاز میں فیڈریشن آف تلنگانہ آرگنائزیشن کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، سلائی سنٹرز ، اسمال اسکیل انڈسٹریز اور دیگر بے شمار شعبوں میں حکومت نے اقلیتوں کو مراعات دی ہیں لیکن ہمیں بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے رہنما اور تنظیموں کے سربرہان اس فنڈکو استعمال کروانے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے فنڈز واپس حکومتی خزانے میں چلے جاتے ہیں ۔ عوام سے چندہ لے کر چلانے والی تنظیمیں قابل تحسین اور آفرین ہیں لیکن ان کے وسائل محدود ہونے کی وجہ سے کام بھی محدود ہوتاہے ۔ضرورت صرف اتنی ہے کہ سربرہان لائحہ عمل تیار کرکے عوامی بیداری مہم چلائیں۔انہوں نے کہا کہ 206 اقلیتی اقامتی اسکول تلنگانہ حکومت نے 7 سو 50 کروڑ کے بجٹ سے قائم کئے ۔ایک لاکھ 36ہزار 702  بچوں کے داخلوں کی گنجائش ہے۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے حکومت فی کس 20 لاکھ روپئے دے رہی ہے ۔سلائی سنٹرکیلئے 4 دن قبل حکومت نے کروڑ وںکا بجٹ منظورکیا  ۔ انہوں نے سچر کمیٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان غربت کی انتہائی نچلی سطح پر زندگی بسر کررہے ہیں ۔جب ہم نے جسٹس سچر سے ان کی ہزاروں صفحات پر مشتمل رپورٹ کے بعد پوچھا کہ مسلمانوں کی فلاح کیلئے کیا کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے دو لفظوں میں کہا کہ آپ کے پاس این جی اوز کی کمی ہے ۔ موقع کی مناسبت سے حکومت سے قوم کی خدمت کروانا چاہئے ۔اس کیلئے ضروری ہے کہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر حکومت سے نمائندگی کریں ۔تقریب کی صدارت کنونیئر سید خالد حسین مدنی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سیادت علی خان اور محمد لیاقت علی خان نے انجام دیئے ۔تنظیموں کے سربراہان محمد لیئق( تلنگانہ این آر آئی فورم) ، محمد عبدالرزاق(دکن این آر آئی فورم )، محمد یزدانی (تلنگانہ ویلفیئر فاؤنڈیشن) ، محمد لیاقت علی خان(نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی) ، محمد سلیم فاروقی (اردو اکیڈمی جدہ )اور شمیم کوثر (خاک طیبہ ٹرسٹ )نے اپنی اپنی تنظیموں کا تعارف پیش کیا ۔انجننیئر محمد سعید نے مہمان کا تعارف پیش کیا ۔

مزید پڑھیں:- - - -  -

شیئر: