Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور پاکستان کے مابین ہر سطح پر مثالی تعلقات قائم ہیں ، ارشدمنیر

اردونیوز نے ہمیشہ مثبت صحافت کی ، پریس قونصل کا صحافیوں سے اظہار خیال
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان قونصل پریس ارشد منیر نے کہا ہے کہ مملکت اور پاکستان کے مابین مثالی تعلقات قائم ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا کہ صحافت کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ۔ پاک ، سعودی تعلقات میں استحکام اور اضافے کےلئے مملکت میں موجود صحافیوں کا کردار انتہائی مثالی ہے ۔ اردونیوز نے ہمیشہ مثبت صحافت کی جس سے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں کافی مدد ملی ۔ ارشد منیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کی خدمت کرناہمارا اولین ہدف ہے ۔ قونصلیٹ کے دروازے ہر ایک کےلئے کھلے ہیں ۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ لوگوں کے مسائل بہتر انداز میں جلد از جلد حل ہوں ۔ قونصلر خدمات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کےلئے مراحل کو آسان بنا دیا گیا ہے ۔ پاسپورٹ کی میعاد 10 برس ہونے سے کمیونٹی کو کافی سہولت ہوئی ۔ پاک ، سعودی تجارتی تعلقات کے بارے میں قونصل پریس کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ملکوں کے مابین ہرسطح پر مثالی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ حال ہی میں پاکستان قونصلیٹ کے شعبہ کمرشل کی جانب سے " پاکستانی کینو شو " کا انعقاد کیا گیا تھا جو کافی کامیاب رہا۔ انہو ںنے مملکت میں مقیم پاکبانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ارض حرمین کا تقاضا ہے کہ ہم اسکے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے مقامی قوانین کی مکمل پاسداری کریں ۔ ہر پاکستانی حقیقت میں وطن عزیز کا سفیر ہے اس کے عمل کا براہ راست اثر وطن عزیز پر مرتب ہو تا ہے اس لئے اس امر کا خیال رکھیں کہ اپنے عمل سے قومی وقار بلند ہو ۔ دریں اثناء تقریب میں شامل صحافیوں نے پریس قونصل ارشدمنیر کو حکومت پاکستان کی جانب سے ترقی دیئے جانے پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔ 

شیئر: